سندھ میں ایک اور سیلاب ،کنڈیارو کے قریب دریائے سندھ میں طغیانی کے باعث زمیں دارہ بند ٹوٹنے سے سیلابی پانی بکھری میں داخل ہوگیا۔
باغی ٹی وی : حالیہ مون سون کے دوران ملک بھر میں سب سے زیادہ بارش نوشہرو فیروز اور کنڈیارو میں ریکارڈ ہوئی، کئی دنوں کی مسلسل بارش کے باعث نوشہرو فیروز اور کنڈیارو میں ہزاروں کچے مکانات سیلاب میں بہہ چکے ہیں۔
بلوچستان سے آنے والے سیلابی پانی کا دباؤ بڑھنے کے بعد ضلع دادو کی تحصیل میہڑ کی آخری ڈیفنس لائن سپریو بند میں 30 فٹ چوڑا شگاف پڑگیا، سیلابی ریلے میہڑ کی طرف چل پڑے جس سے 100 سے زائد دیہات متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
پانی کا دباؤ کم کرنے کیلئے سندھ حکومت نے جوہی بیراج میں شگاف ڈال دیا ، سیلابی پانی جوہی شہر سمیت 60 دیہاتوں کو متاثر کرے گا۔
جوہی نہر میں شگاف ڈالنے کے فیصلے پر پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی رفیق جمالی ناراض ہوگئے انہوں نے کہا کہ جوہی نہر میں شگاف ڈالنے کے فیصلے پر انھیں اعتماد میں نہیں لیا گیا تھا۔
صوبائی وزیر آبپاشی جام خان شورو نے کہا کہ جوہی نہر میں شگاف ڈالنے کا فیصلہ مجبوری میں کیا گیا، قمبر، وارہ، میہڑ اور خیرپور ناتھن شاہ کو سیلابی ریلے سے بچانے کیلئے جوہی نہر میں شگاف ڈالنا ضروری تھا۔
دوسری جانب سانگھڑ کے قریب سیم نالے کا شگاف پُر نہ کیا جا سکا جس کے باعث پانی سانگھڑ شہر کی جانب بڑھنے لگا جبکہ کچھ دیہات زیرِ آب آ گئے ہیں میرپورخاص میں جھڈو کے قریب روشن آباد پُران ندی میں شگاف پڑگیا، سیلابی ر یلے بدین کی جانب بڑھنے لگے۔
دوسری جانب پاکستان میں سیلاب سے تباہی کا سلسلہ جاری ہے، ملک بھر میں بارشوں اور سيلاب سے جاں بحق افراد کی تعداد 1 ہزار 61 تک پہنچ چکی ہے۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق بارشوں اورسیلاب سے سب سے زیادہ اموات سندھ میں ریکارڈ کی گئیں، جہاں 349 اموات ہوئیں، بلوچستان میں بارشوں اورسیلاب سے جا ں بحق افراد کی تعداد 242 ہوگئی-
خیبرپختونخوا میں بارشوں اور سیلاب افراد کی تعداد 242 ریکارڈ، پنجاب میں بارشوں اور سیلاب سے 168 اموات گلگت بلتستان میں بارشوں اور سیلاب سے9 اموات جبکہ آزاد کشمیر میں 42 افراد جا ں بحق ہوئے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق ملک بھر میں 470 مرد 210 خواتین اور 359 بچے جان کی بازی ہار گئے، بارشوں اور سیلاب سے 24 گھنٹے کےدوران 48 افراد زخمی ہوئے اور 29 ہزار 692 مکانات کو نقصان پہنچا، 13 ہزار 323 گھرتباہ ہوئے-
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ ملک بھر میں 157 پلوں کو حالیہ بارشوں سے نقصان پہنچا، ملک بھر میں 7 لاکھ 27 ہزار سے زائد مویشیوں کا نقصان ہوا ہے، جبکہ 3457 کلو میٹر سڑک کو بارشوں کے باعث نقصان پہنچا۔