ہنڈا ، سوزوکی اور یاماہا سب کی سب موٹر سائیکلوں کی قیمت سال 2022 میں آسمان پر جا پہنچی۔
مہنگائی نے جہاں ہر شعبہ زندگی کو متاثر کیا وہیں عوام کی سستی سواری سمجھی جانے والی موٹر سائیکل کی قیمتوں میں بھی مسلسل اضافہ ہوتا رہا۔ یہ سستی سواری بھی اب عوام کی پہنچ سے باہر ہوتی جا رہی ہے۔
اس سال 70 سی سی کے سستے موٹر سائیکل ہوں یا 150 سی سی موٹر سائیکل سب کی قیمتوں میں ہر کچھ ہفتے بعد اضافہ کیا جاتا رہا۔ سب سے زیادہ اضافہ یاماہا کی موٹر سائیکلز کی قیمتوں میں کیا گیا۔ یاماہا کمپنی نے سال میں 11 بار قیمتوں میں اضافہ کیا۔ اسی طرح ہونڈا اٹلس کی قیمتوں میں 7 بار جب کہ سوزوکی کے موٹر سائیکلز کی قیمتوں میں 5 بار اضافہ کیا گیا۔
یاماہا کی وائی بی 125زیڈ کی قیمت میں ایک لاکھ 3 ہزار 500 روپے اضافہ ہوا۔ قیمت 2 لاکھ 93 ہزار 500 روپے ہو گئی۔ وائی بی 125زیڈ ڈی ایکس کی قیمت میں ایک لاکھ 9ہزار اضافہ کیا گیا یہ اب 3 لاکھ 14ہزار500 کی ہو گئی ہے۔ اسی طرح وائی بی آر 125 جی کی قیمت میں ایک لاکھ 15ہزار 500 کا اضافہ ہوا اور یہ 3 لاکھ 36ہزار کی ہو گئی ہے۔
ہونڈا اٹلس والوں کی 70 سی سی بائیک، کبھی نچلے طبقے کی پسندیدہ موٹر سائیکل تھی تاہم اس کی قیمت میں سال کے اندر اندر 26 ہزار سے زائد کا اضافہ ہوا۔ ہونڈا سی ڈی 70 کی قیمت میں26 ہزار 600 روپے کا اضافہ ہوا اور اس کی قیمت ایک لاکھ 21 ہزار 500 روپے تک پہنچ گئی۔ اسی طرح سی ڈی 70 ڈریم کی قیمت 28 ہزار 400 روپے کے اضافے سے ایک لاکھ 29 ہزار 900 روپے تک پہنچ گئی۔
ہونڈا والوں کی 100 سی سی موٹرسائیکل، ہونڈا پرائیڈر کی قیمت 31 ہزار 400 روپے بڑھی اور اس کی مجموعی قیمت ایک لاکھ 61 ہزار 900 روپے ہو گئی۔ سی جی 125 کی قیمت33 ہزار 400 روپے اضافے سے ایک لاکھ 85 ہزار 900 روپے ہو گئی جب کہ سیلف اسٹارٹ 125 ایس ای، کی قیمت 2 لاکھ 19 ہزار 500 روپے ہو گئی۔ سی بی 125 ایف کی قیمت 2 لاکھ 83 ہزار 900 روپے جبکہ سی بی 150 ایف کی قیمت 3 لاکھ 53 ہزار 900 روپے ہو گئی۔
سوزوکی جی ڈی110ایس کی قیمت میں اس سال 45 ہزار روپے کا اضافہ ہوا۔ قیمت 2 لاکھ 44 ہزار روپے ہو گئی۔ سوزوکی جی ایس 150 کی قیمت 51 ہزار بڑھنے کے بعد 2 لاکھ 66ہزار ہو چکی ہے جب کہ جی آر 150 کی قیمت 70ہزار روپے بڑھی جو کہ اب 3 لاکھ 85 ہزار روپے تک پہنچ گئی ہے۔