منصوبہ پر کام مقررہ وقت میں مکمل ہونا چاہئے، نیلم جہلم میں بھی چند ماہ پہلے حادثہ ہو چکا ہے، آئندہ اس کی روک تھام کرنا ہو گی،شہباز شریف
ہمند, مہمند ڈیم کو سیلاب سے نقصان پہنچنے کا معاملہ، وزیراعظم نے تحقیقات کا حکم دے دیا ۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے پیر کے روز مہمند ڈیم سائٹ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر وزیر اعظم نے مہمند ڈیم کو سیلاب سے نقصان کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ منصوبہ پر کام مقررہ وقت میں مکمل ہونا چاہئے، نیلم جہلم میں بھی چند ماہ پہلے حادثہ ہو چکا ہے، آئندہ اس کی روک تھام کرنا ہو گی، ہماری معیشت مہنگی بجلی پیدا کرنے کی متحمل نہیں ہو سکتی، ایندھن کی درآمد پر سالانہ اربوں ڈالر خرچ کرکے سبسڈی دینے سے خزانہ پر بوجھ پڑتا ہے، پانی، ہوا اور سورج کی روشنی سے سستی بجلی پیدا کرنا ہو گی۔
وزیراعظم نے کہا کہ مہمند ڈیم چینی اور پاکستانی کمپنیاں مل کر تعمیر کر رہی ہیں، انتہائی اہم منصوبہ ہے، اس سے 800 میگاواٹ بجلی پیدا ہو گی، آبپاشی کیلئے پانی دستیاب ہو گا اور سیلاب کی روک تھام میں مدد ملے گی، سیلاب سے ڈیم کے بنیادی ڈھانچہ اور ٹنلز کو نقصان انتہائی تشویش کی بات ہے جس کی تحقیقات کرائی جائیں کہ ایسا کیوں ہوا ہے، موجودہ دور میں ڈیموں کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جا سکتا، دنیا میں جہاں بھی ڈیم تعمیر کئے جاتے ہیں وہاں حفاظتی انتظامات بھی کئے جاتے ہیں، آزادانہ کنسلٹنٹس سے اس کی تحقیقات کرائی جائیں گی تاکہ آئندہ اس طرح کے واقعات کی روک تھام کی جا سکے۔
واضح رہے کہ مہمند ڈیم گزشتہ روز سیلاب کی زد میں آگیا تھا۔
اس حوالے سے واپڈا حکام کی جانب سے بھی تصدیق کی گئی۔ واپڈا ترجمان نے بتایا کہ زیر تعمیر مہمند ڈیم پراجیکٹ ایریا میں دریائے سوات میں غیر معمولی سیلابی صورت حال کا سامنا ہے، انتہائی اونچے درجے کے سیلاب کی وجہ سے دریائے سوات کا پانی زیر تعمیر مہمند ڈیم کی ڈائی ورشن ٹنلز میں داخل ہو گیا۔ صورتحال کے باعث مہمند ڈیم پراجیکٹ پر تعمیراتی سرگرمیاں متاثر ہوئیں۔