فلسطینی صدر محمود عباس نے میڈیکل مشن بھی پاکستان بھیجنے کی منظوری دیدی
اسلام آباد, تباہ کن اور ہلاکت خیز سیلاب کے بعد پاکستان کی جانب سے مدد کی اپیل کے جواب میں دنیا کے مختلف ممالک کی جانب سے امداد اور اظہار یکجہتی کے پیغامات کا سلسلہ جاری ہے جب کہ کینیڈا، فرانس، قطر، متحدہ عرب امارات، ترکی اور آذربائیجان نے مدد کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ آذربائیجان نے بھی پاکستان کے لیے 20 لاکھ ڈالر امداد کا اعلان کر دیا ۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق، پوپ فرانسس نے عالمی برادری سے پاکستان کی مدد کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ متاثرین کے لیے دعاگو ہیں۔کینیڈین وزیر برائے بین الاقوامی ترقی ہرجیت سجن نے ایک بیان میں کہا کہ کینیڈا کی حکومت نے پاکستان میں امدادی کارروائیوں کے لیے انٹرنیشنل فیڈریشن آف ریڈ کراس اور ریڈ کریسنٹ سوسائٹیز کو 20 ہزار ڈالر مختص کیے ہیں۔
یہ فنڈز پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی پانی، صفائی اور حفظان صحت کی خدمات اور نقد امداد کے لیے استعمال کرے گی۔کینیڈین وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے ایک بیان میں کہا کہ کینیڈا خوراک، صاف پانی اور دیگر ضروری خدمات جلد از جلد فراہم کرنے کے لیے یو این سی ای آر ایف کے ذریعے مدد فراہم کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ‘میری طرح ملک بھر کے عوام پاکستان میں تباہ کن سیلاب سے متاثر ہونے والے ہر فرد کے بارے میں فکرمند ہیں۔
دوسرے ممالک کی طرح آذربائیجان نے بھی پاکستان کے لیے 20 لاکھ ڈالر امداد کا اعلان کر دیا ۔ پاکستان میں آذری سفارتخانہ نے اپنے ایک بیان میں لکھا کہ پاکستان کو دی جانے والی امداد سیلاب متاثرہ علاقوں میں ریلیف کی فراہمی میں مددگار ہو گی، فلسطین نے بھی پاکستان کے سیلاب متاثرین کے لیے عوامی چندہ مہم کا اعلان کر دیا۔ فلسطینی سفیر احمد امین نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ فلسطینی وزارت اوقاف اور مذہبی امور نے چندہ مہم پر کام شروع کر دیا ہے جبکہ فلسطینی صدر محمود عباس نے میڈیکل مشن بھی پاکستان بھیجنے کی منظوری دے دی، میڈیکل مشن میں فلسطینی وزارت صحت، ہلال احمر، شہری دفاع کے ڈاکٹرز شامل ہوں گے، فلسطینی ڈاکٹرز زخمیوں، متاثرین کو ہر ممکن معاونت، بچاؤ میں مدد، ضروری علاج فراہم کریں گے، پاکستان کو اس وقت شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے تمام صوبوں میں سیلاب سے بڑی تعداد میں لوگ جاں بحق، زخمی اور بے گھر ہوئے، فلسطینی صدر نے پاکستانی حکومت، برادر عوام سے قیمتی جانی و مالی نقصان پر دلی دکھ کا اظہار کیا اورفلسطینی قیادت نے پاکستان اور پاکستانی قوم کے استحکام، ترقی اور خوشحالی کییلئے دعا گو ہے ۔فلسطین کے صدر محمود عباس کا کہنا ہے فلسطین کاز کی معاونت پر پاکستان اور پاکستانی عوام کے تہہ دل سے شکر گزار ہیں، پاکستان نے فلسطینی کاز کو ہر بین الاقوامی فورم پر اجاگر کیا، پاکستان نے فلسطین کی مقدس سرزمین کی بازیابی کے لیے ہمیشہ توانا آواز بلند کی۔