وفاقی وزیرایوی ایشن خواجہ سعد رفیق نے لاہور ائیرپورٹ پر پی آئی اے ایگزیکٹولائونج کا افتتاح کردیا۔ افتتاحی تقریب میں لاہور ائیرپورٹ پر پی آئی اے سمیت دیگر آفیشلز نے شرکت کی۔اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر ایوی ایشن خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ پی آئی اے کی بہتری کے لئے ایگزیکٹو لائونچ جیسے اچھے کام کی شروعات پر ادارے کی انتظامیہ اور تمام ملازمین کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ پی آئی اے نے اپنے بے مثال عروج سے زوال کی آخری حدوں کو بھی دیکھا لیکن اگر پی آئی اے کے ملازمین دیانتداری اور محنت سے کام کرتے رہے تو وہ دن دور نہیں جب پی آئی اے اپنا کھویا ہوا مقام جلد ہی واپس نہ پالے۔
میڈیا سے گفتگو میں خواجہ سعدرفیق کا کہنا تھا کہ گزشتہ دس سالوں سے ایگزیکٹیو لائونج کی اپ گریڈیشن رکی ہوئی تھی جس کی ازسر نو تزئین و آرائش مکمل کر کے اس کا افتتاح کیا ہے۔
ایگزیکٹو لائونج کی سہولیات سے بیرون ملک سفر کرنے پی آئی اے کے بزنس کلاس کے مسافر مستفید ہوں گے۔ اس لائونج میں بزنس کلاس مسافروں کو کسی ادائیگی کے بغیرسنیکس اور مشروبا ت فراہم کئے جائیں گے۔لاہور کے علاوہ کراچی ائر پورٹ پر بھی ایگزیکٹو کلاس لائونج کی تزئین و آرائش مکمل کر لی گئی ہے جبکہ پائلٹس کی ٹریننگ کے لئے ائیر بس کے جدید ترین سیمولیٹر کی تنصیب بھی مکمل ہو گئی ہے ان سہولیات کا افتتاح آئندہ ہفتے کر دیا جائے گا۔
وفاقی وزیر ایوی ایشن نے بتایا کہ پی آئی اے اس وقت پچیس جہاز آپریٹ کر رہا ہے جبکہ جنوری تک امید ہے کہ جہازوں کی تعداد اٹھائیس ہوجائے گی، نئے جہاز وں لینے کے لیے کوشش کر رہے ہیں۔کرونا کے بعد لیز پر جہاز نہیں مل رہے، لیکن کوشش کر رہے ہیں کہ سستے جہاز جلد لے کر آئیں۔ مزید 10 طیارے پی آئی اے کا حصہ بنائیں گئے۔ سات ائیر بس A-320اور دو بوئنگ 777 طیاروں کی سیٹوں کی اپ گریڈیشن کی جارہی ہے۔
طیاروں میں نئے انٹرٹینمنٹ سسٹم کو بھی بہت جلد فعال کر دیا جائے گا۔ خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ ہمارے سترہ چھوٹے ائیر پورٹس بند پڑے ہیں۔ ملک میں ڈومیسٹک فلائٹس کا آغاز ہونا لازم ہے۔ پی آئی اے کی بہتری کیلئے ہم بہت سے محاذوں پر کام کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پی آئی اے دوستوں کو کہتا ہوں کہ آپ کو بہت مشکلات ہیں آپ چاہیں تو ائیرلائن کو ٹھیک کر سکتے ہیں۔
پی آئی اے کی بہتری کیلئے ہم بہت سے محاذوں پر کام کر رہے ہیں۔پی آئی اے کے ملازمین کی بیرون ملک تعیناتیا ں خالصتاًمیرٹ کی بنیاد پر کی جارہی ہیں۔پی آئی اے میں سفارش کا کلچر ختم کر دیا ہے۔ اس موقع پر سی ای او پی آئی ای ائر وائس مارشل عامر حیات،، چیف آپریٹنگ آفیسر امان اللہ قریشی، چیف پراجیکٹ آفیسر خرم مشتاق، جنرل مینجر طارق مجید، سٹیشن مینیجر علی اصغر زیدی، ڈسٹرکٹ مینیجر ظہیر الدین، ڈپٹی جنرل مینیجر علی عباس شاہ سمیت دیگر اعلی افسران بھی موجود تھے۔