بلوچستان کے زمینی رابطوں کی جلد بحالی کے لیے کوششیں شروع کریں

لیفٹیننٹ جنرل آصف غفور کا نانی پل کا دورہ کیا اور اسے جلد بحال کرنے کی ہدایت کی

کوئٹہ,  کور کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ بلوچستان کے زمینی رابطوں کی جلد بحالی کے لیے کوششیں شروع کریں۔چئیرمین این ایچ اے سے ملاقات میں لیفٹیننٹ جنرل آصف غفور کا کہنا تھا کہ این ایچ اے کو پاک فوج سے ہر طرح کی مدد دستیاب ہے۔انہوں نے سیلاب سے متاثرہ بی بی نانی پل کا دورہ کیا اور اسے جلد بحال کرنے کی ہدایت کی۔

متاثرین کے لیے میڈیکل ٹیم، پکا ہوا کھانا اور پینے کا پانی ہیلی کاپٹر کے ذریعے بھجوایا گیا۔لیفٹیننٹ جنرل آصف غفور نے آب گم میں مچھ اور گرد و نواح کے متاثرین کے لیے ریلیف کیمپ کا بھی دورہ کیا۔انہوں نے ریسکیو اور ریلیف میں حصہ لینے والے نوجوانوں کی تعریف کی۔دوسری جانب کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل محمد عبدالعزیز کی ہدایت پر سیلاب متاثرین کی امداد کے لئے مختلف مقامات پر 17امدادی کیمپس قائم کردیئے گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ سیلاب متاثرین کی امداد کے لئے کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل محمد عبدالعزیز کی ہدایت پر امدادی کیمپس قائم کردیئے گئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق لاہور ڈویژن میں پاک آرمی اور پنجاب رینجرز نے 17 مختلف مقامات پر سیلاب زدگان کے لئے امدادی کیمپس لگائے گئے ہیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق سیلاب متاثرین کیلئے امدادی کیمپس فورٹرس سٹیڈیم، صدر، والٹن، جوہر ٹان، گریٹر اقبال پارک، بیدیاں روڈ، ڈیفنس ہائوسنگ اتھارٹی، لبرٹی، قصور، شیخوپورہ اور چونیاں کے مقام پر قائم کئے گئے ہیں۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ کیمپس میں عوام سیلاب متاثرین کے لئے عطیات جمع کر وا رہے ہیں، عطیات میں خوراک، ادویات، پینے کا پانی، دریاں، کمبل، مچھر دانیاں اور گرم کپڑے شامل ہیں۔پاک آرمی اور پنجاب رینجرز کے جوان متاثرین تک عطیات کی ترسیل کے لئے دن رات مصروف عمل ہیں۔پاک فوج بلوچستان ، سندھ، خیبر پختوانخواہ اور جنوبی پنجاب کے متاثرین تک ترسیل بھی یقینی بنا رہی ہے۔عوام ضرورت کی اس گھڑی میں دل کھول کر عطیات دیں اور متاثرین کو ریلیف پہنچائیں۔

Spread the love

اپنا تبصرہ بھیجیں