راولپنڈی، اسلام آباد میٹرو بس سروس ایک دن کیلئے بند رکھنے کا اعلان۔ تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے لانگ مارچ کی وجہ سے جڑواں شہر کے مکین ہفتے کے روز میٹرو بس سروس استعمال کرنے سے قاصر رہیں گے۔ پنجاب میٹرو بس اتھارٹی کے اعلامیہ کے مطابق راولپنڈی اور اسلام آباد میں میٹرو بس سروس کو 26 نومبر کو بند رکھا جائے گا۔
جبکہ دوسری جانب تحریک انصاف کی جانب سے راولپنڈی میں اپنے مارچ کے آخری پڑاو کیلئے زور و شور سے تیاریاں کی جا رہی ہیں۔ دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف نے چیئرمین عمران خان کی کل لاہور سے راولپنڈی روانگی کی تیاریوں کو حتمی شکل دے دی۔پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق عمران خان ہفتہ کو دوپہر 1 تا 2 بجے کے درمیان زمان پارک لاہور سے راولپنڈی کے لیے روانہ ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق عمران خان اپنی لاہور کی رہائشگاہ سے سخت سیکورٹی حصار میں ایئرپورٹ پہنچیں گے اور وہاں سے بذریعہ ہیلی کاپٹر راولپنڈی روانہ ہوں گے۔پارٹی ذرائع کے مطابق عمران خان کے ہمراہ ہیلی میں ڈاکٹرز بھی ہوں گے۔ کسی بھی غیر متعلقہ شخص کو عمران خان کے پاس جانے کی اجازت نہیں ہو گی،چیئرمین پی ٹی آئی کی سیکیورٹی کے لئے گلگت بلتستان اور کے پی کے 50سے زائد اسپیشل کمانڈوز بھی تعینات ہوں گے۔
جبکہ لاہور پولیس کی جانب سے 26نومبر کو ہونے والے لانگ مارچ کو فول پروف سکیورٹی دینے کا فیصلہ کیاگیا ہے،پولیس کی1500سے زائد پولیس افسران و اہلکار تعینات ہونگے۔قافلوں کی روانگی کے لئے شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر سیکیورٹی بڑھا دی گئی ہے، 4ایس پیز،،6 ڈی ایس پیز،20 ایس ایچ اوز سمیت 1400 کانسٹیبلز تعینات کئے گئے ہیں۔پولیس ذرائع کے مطابق قافلوں کے ساتھ پولیس کی نفری بھی تعینات کی جائے گی،آر پی او راولپنڈی تمام سکیورٹی انتظامات کی نگرانی کریں گے۔
ایلیٹ فورس، پنجاب کانسٹیبلری ، سات سو سے زائد ٹریفک وارڈنز ، مختلف اضلاع سے پولیس اہلکار بھی سکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات ہونگے۔ ذرائع کے مطابق راولپنڈی میں 26 نومبر کو پی ٹی آئی دھرنا دے گی یا جلسہ کرے گی اس کا حتمی اعلان کل عمران خان کریں گے۔پارٹی ذرائع کے مطابق عمران خان حقیقی آزادی مارچ میں اپنے آئندہ کے لائحہ عمل سے بھی آگاہ کریں گے۔