سعودی عرب سے اپ سیٹ شکست کے بعد میسی کا بیان سامنے آگیا کھیل میں 5 منٹ ہمارے لیے بھاری ثابت ہوئے، ہم نے سب بگاڑ دیا، میسی

قطر میں جاری فیفا فٹبال ورلڈ کپ میں سعودی عرب کے ہاتھوں اپ سیٹ شکست کے بعد ارجنٹائن کے اسٹار لیونل میسی کا پہلا بیان سامنے آگیا۔

گزشتہ روز قطر کے لوسیل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں سعودی عرب نے فیفا ورلڈکپ 2022 کے گروپ میچ میں ارجنٹائن کو اپ سیٹ شکست دے کر تاریخ رقم کی۔

فیفا کی عالمی رینکنگ میں 51 ویں نمبر پر موجود سعودی ٹیم نے عالمی نمبر 3 ارجنٹائن کو ورلڈکپ میں 2 کے مقابلے میں ایک گول سے ہرایا۔

اب سیٹ شکست کے بعد ارجنٹائن کے کپتان لیونل میسی کا کہنا تھا کہ یہ شکست بہت بھاری دھچکا تھا لیکن ہمیں خود پر اعتماد برقرار رکھنا چاہیئے۔

میسی نے مزید کہا کہ کھیل میں وہ 5 منٹ ہمارے لیے بھاری ثابت ہوئے، ہم نے سب بگاڑ دیا، گروپ میں ابھی پہلا میچ ہوا ہے، میکسیکو اور پولینڈ کے خلاف جیت حاصل کرنے کی کوشش کریں گے۔

سعودی عرب کی جانب سے پیش کردہ کھیل پر ارجنٹائن کے کپتان نے کہا کہ ہم جانتے تھے وہ ٹیم کیا ہے ،اگر ہم اسے کھیلنے دیں گے تو وہ شاندار کھیل پیش کرے گی، مجھے اس گروپ کے ساتھ اتنا بڑا دھچکا کبھی نہیں لگا لیکن جو ہوتا ہے اچھے کے لئے ہوتا ہے، ہمیں اب جیتنا ہے۔

سعودی عرب کے خلاف میچ کے دوران میسی نے 9 ویں منٹ میں گول اسکور کیا تھا اور ٹیم کو سبقت دلائی تھی تاہم دوسرے ہاف میں عرب ٹیم نے جارحانہ کھیل پیش کیا اور 48 اور 53ویں منٹ گول اسکور کرکے سبقت ختم کردی تھی جو میچ کے اختتام تک برقرار رہی۔

واضح رہے کہ ارجنٹائن کے اسٹار فٹ بالر لیونل میسی اپنے کیریئر کا آخری ورلڈ کپ کھیل رہے ہیں اور پوری قوم نے ان سے امیدیں وابستہ کررکھی ہیں۔

Spread the love

اپنا تبصرہ بھیجیں