اکیاون سال قبل بچھڑنے والی ماں اور بیٹیوں کی ملاقات دونوں بہنیں انتہائی تکلیف دہ حالات میں 1971 میں بنگلہ دیش میں اپنی ماں سے بچھڑ گئی تھیں

سوشل میڈیا نے اکیاون سال قبل بچھڑنے والی ماں اور بیٹیوں کی ملاقات کرادی۔

پاکستان میں ولی اللہ معروف اس ملاقات کا ذریعہ بنے، جنہوں نے کراچی کی 51 سالہ چمن آراء کا بچھڑنے والی بیٹیوں سے رابطہ کرادیا۔

ولی اللہ معروف پاکستان میں سوشل میڈیا کے ذریعے بچھڑے ہوئے لوگوں کو ملوانے کی کوشش کرتے ہیں۔

ڈنماک میں مقیم اُمّ مرسلینہ اور اُمّ تسلیمہ دونوں بہنیں انتہائی تکلیف دہ حالات میں 1971 میں بنگلہ دیش میں اپنی ماں سے بچھڑ گئی تھیں۔

والد نے انتقال سے قبل اہلیہ کے زندہ ہونے کا بتایا تو بیٹیاں تڑپ اٹھیں اور ماں سے ملنے کے لیے جتن شروع کئے۔

ان کے داماد نیت اللہ قاضی کا کئی سال کی کوششوں کےبعد پاکستان میں ولی اللہ معروف سے رابطہ ہوا۔ جس کے بعد کہانی واٹس ایپ گروپس تک پہنچی، جس میں چمن آراء کے بھانجے سید عرفان بھی موجود تھے۔

کہانی پڑھنے کے بعد انہوں نے بتایا کہ یہ کہانی ان کی خالہ کی ہے اور وہ حیات ہیں۔

جس کے بعد ولی اللہ معروف نےچمن آراء سے ملاقات کی اور تمام تر معلومات کے بعد ویڈیو کال پر ماں اور بیٹیوں کی بات ہوئی۔

ملاقات میں ماں اور بیٹیاں جذبات پر قابو نہ رکھ سکیں اور انتہائی جذباتی مناظر دیکھنے کو ملے۔

Spread the love

اپنا تبصرہ بھیجیں