اُمید ہے آئی ایم ایف جیسے مالیاتی ادارے پاکستان کے کمزورمعاشی حالات مدنظررکھیں گے۔
وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ بدترین سیلاب سے نمٹنے کے لیے مالی مدد کی ضرورت ہے ، اُمید ہے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) جیسے مالیاتی ادارے پاکستان کے کمزورمعاشی حالات کو مدنظررکھیں گے۔
غیرملکی خبررساں ادارے روئٹرزکو انٹرویو میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ، “ میں نے اس پیمانے پر تباہی نہیں دیکھی، اسے الفاظ میں بیان کرنا بہت مشکل ہے، یہ تباہی بےانتہا ہے، زیادہ ترآبادی کوروزی روٹی فراہم کرنے والی فصلیں بڑے پیمانے پر فصلیں تباہ ہو چکی ہیں اور ظاہر ہے اس کا اثر مجموعی معاشی صورتحال پر پڑے گا“۔
روئٹرز کی خبرمیں کہا گیا ہے کہ جنوبی ایشیائی ملک پہلے ہی معاشی بحران کا شکار ہے، اسے بلند افراط زر، روپے کی قدرمیں کمی اورکرنٹ اکاؤنٹ خسارے کا سامنا ہے۔
آئی ایم ایف بورڈ پاکستان کے بیل آؤٹ پروگرام کی ساتویں اور آٹھویں قسط کے حصے کے طور پر 1.2 بلین ڈالرز جاری کرنے کا فیصلہ رواں ہفتے کرے گا۔