چینی صدر شی جن پھنگ نے ملاقات کی گفتگو لیک ہونے پر جی 20 اجلاس کے موقع پر کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو سے ناراض ہو گئے۔ چینی صدر شی جن پھنگ نے کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کو بھری محفل میں کھری کھری سنا دیں۔چینی صدر نے جی 20 اجلاس کے موقع پر جسٹس ٹروڈو کے ساتھ گفتگو میں انتہائی ناگواری کا احساس کیا۔
اس حوالے سے ایک ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ چینی صدر ایک روز پہلے ہونے والی ملاقات کی تفصیلات میڈیا کو لیک کرنے پر کینیڈین وزیراعظم سے ناراضگی کا اظہار کر رہے ہیں۔چینی صدر نے کہا کہ ہم نے جو بھی بات کی تھی وہ اخبارات کو بتا دی گئی، یہ غیر مناسب رویہ ہے اور ایسے تو بات چیت ہوئی ہی نہیں،کیا آپ کی جانب سے کوئی بات یقینی بھی ہے۔
کینیڈین وزیراعظم نے چینی صدر کے شکوے پر کہا کہ کینیڈا میں ہم آزاد، کھلے اور بے تکلف مکالمے پر یقین رکھتے ہیں جسے جاری رکھا جائے گا۔ہم مل کر تعمیری طور پر کام کرنا جاری رکھیں گے لیکن ایسی چیزیں بھی ہوں گی جن پر ہم متفق نہیں ہوں گے۔ کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے یہ بھی کہا کہ تعمیری ملاقاتیں جاری رہیں گی جس پر چینی صدر نے جواب دیا کہ یہ بہت اچھا ہے لیکن اس کے لیے پہلے شرائط طے کر لیتے ہیں۔
بعدازاں چینی صدر کینیڈین وزیراعظم سے مصافحہ کرتے ہوئے چل دئیے۔خیال رہے کہ میڈیا نے کینیڈین الیکشن میں چین کی مبینہ مداخلت کا معاملہ اٹھائے جانے کے دعوے کیے تھے جس پر چینی صدر نے کینیڈین وزیراعظم کے سامنے ناراضگی کا اظہار کیا۔چینی صدر شی اور کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کے مابین گفتگو کی ویڈیو آپ بھی ملاحظہ کیجئے۔