وزیراعظم نے ترک صدر کو پاکستان میں سیلاب کی تازہ ترین صورت حال اور ہنگامی بنیادوں پر امداد کی فراہمی کے لیے حکومتی کوششوں کے بارے میں آگاہ کیا
اسلام آباد, ہمیشہ کی طرح مشکل وقت میں پاکستانی عوام کی ہرقسم کی مدد کیلئے تیار ہیں: ترک صدر۔وزیراعظم نے ترک صدر کو پاکستان میں سیلاب کی تازہ ترین صورت حال اور ہنگامی بنیادوں پر امداد کی فراہمی کے لیے حکومتی کوششوں کے بارے میں آگاہ کیا۔تفصیلات کے مطابق ترک صدر رجب طیب اردوان نے وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کو ٹیلی فون کیا اور شدید بارشوں اور سیلاب سے ہونے والے جانی اور مالی نقصان پر اظہار تعزیت کیا اور پاکستانی عوام کی بھرپور مدد کے عزم کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے ترک صدر کو پاکستان میں سیلاب کی تازہ ترین صورت حال اور ہنگامی بنیادوں پر امداد کی فراہمی کے لیے حکومتی کوششوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ وزیر اعظم نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ پاکستان کو جون2022 کے وسط سے ریکارڈ بارشوں کے ساتھ غیر معمولی مون سون موسمی صورت حال کا سامنا ہے۔
رجب طیب اردوان کا کہنا تھا کہ ان کا ملک ہمیشہ پاکستان کی مدد کرے گا، ہم ہمیشہ کی طرح مشکل وقت میں پاکستانی عوام کی ہرقسم کی مدد کے لیے تیار ہیں۔
وزیراعظم نے انسانی بنیادوں پر امداد پر ترک صدر کا شکریہ ادا کیا اور دو طرفہ تناظر میں تمام شعبوں میں تعلقات کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔اس سے قبل ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے وزیراعظم شہباز شریف کو ٹیلیفون کیا اور پاکستان میں سیلاب سے ہونے والے جانی نقصان پر افسوس کااظہار کیا، ابراہیم رئیسی نے سیلاب زدگان کی امداد کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
ایرانی خبر ایجنسی کے مطابق ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے سیلابی صورت حال میں پاکستان کی مددکا اعلان بھی کیا اور متعلقہ ایرانی اداروں کوپاکستانی سیلاب متاثرین کی جلد از جلد مددکرنےکی ہدایت کی۔وزیراعظم پاکستان نے ایرانی صدرکو سیلاب سے ہونے والے نقصانات سے آگاہ کیا اور ہمدردی اور تعاون پر ایرانی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔