’’بلاول بھٹو سیلاب متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑیں گے‘‘

اگر صحت اجازت دیتی تو سیلاب متاثرین کے پاس ضرور جاتا، سابق صدر آصف زرداری

کراچی,  بلاول بھٹو سیلاب متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔اگر صحت اجازت دیتی تو سیلاب متاثرین کے پاس ضرور جاتا، سابق صدر آصف زرداری کا بیان۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف زرداری نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو سیلاب سے متاثرہ عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔سابق صدر آصف علی زرداری نے اپنے بیان میں کہا کہ سیلاب اور بارش کی وجہ سے صورت حال انتہائی تکلیف دہ ہے، اگر میری صحت اجازت دیتی تو متاثرین کے پاس موجود ہوتا۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت پاکستان بیت المال کو متحرک کرکے غریبوں کی مدد کرے اور بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کو مزید وسیع کرکے غریبوں کی ہر ممکن مدد کی جائے۔سابق صدر نے پیپلزپارٹی کے وزرا اور اراکین اسمبلی کو حلقوں کے عوام کے ساتھ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت متاثرین کی دوبارہ بحالی کی ذمہ داری نبھائے گی، متاثرین سے وعدہ ہےکہ ان کی بحالی تک چین سےنہیں بیٹھیں گے سیاست بعد میں ہوتی رہے گی یہ وقت عوام کی بھرپور خدمت کا ہے۔

دوسری جانب قائد مسلم لیگ ن محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان بھر میں سیلاب نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی جس کے مناظر دیکھ کر انتہائی دکھ ہوتا ہے۔نواز شریف نے مسلم لیگ ن کے تحت منعقدہ کا سیلاب متاثرین کی امداد کے حوالے سے پروگرام میں ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب سے ہزاروں افراد لقمہ اجل جبکہ لاکھوں لوگ بے گھر ہوچکے ہیں، بلاشبہ حالیہ سیلاب بہت بڑی قدرتی آفت ہے، قدرتی آفت کا شکار لوگ اپنے بہن بھائیوں کی مدد کے منتظر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ وقت سیاست کا نہیں متاثرین کی بھرپور معاونت کا ہے، زخموں پر مرہم رکھنے کا ہے، مخیرحضرات سمیت پوری قوم دکھ کی اس گھڑی میں متاثرین کی مدد کیلئے متحد ہوں ، پوری قوم اپنی توانائیاں سیلاب متاثرین کیلئے وقف کرے۔نوازشریف نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی بھرپور مدد پر وزیراعظم شہبازشریف کی کاوشیں لائق تحسین ہیں، مریم نواز بھی جلد سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں گی ، متاثرین سے ملاقات کریں گی، اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ ہم سب کو دکھی لوگوں کی خدمت کی توفیق عطا فرمائے۔

Spread the love

اپنا تبصرہ بھیجیں