11 سالہ بچے نے ذہانت میں آئن اسٹائن اور اسٹیفن ہاکنگ کو مات دے دی یوسف شاہ نے آئی کیو ٹیسٹ میں انڈر 18 کیلئے سب سے زیادہ 162 اسکور کا ریکارڈ بنا دیا

لندن  برطانیہ میں اسکول کے 11 سالہ بچے یوسف شاہ نے ذہانت میں آئن اسٹائن اور اسٹیفن ہاکنگ کو مات دے دی۔ برطانوی اخبار ڈیلی میل کے مطابق 11سالہ لڑکے یوسف شاہ نے مینسا آئی کیو ٹیسٹ میں سب سے زیادہ ممکنہ اسکور حاصل کرکے ذہانت میں البرٹ آئن اسٹائن اور اسٹیفن ہاکنگ کو شکست دے دی، یوسف شاہ نے ٹیسٹ میں انڈر 18 کے لیے زیادہ سے زیادہ 162 اسکور کا اندراج کیا جب کہ اسٹیفن ہاکنگ نے 160 سکور کیا تھا اور البرٹ آئن سٹائن کے بارے میں بھی یہی خیال کیا جاتا ہے، یوسف نے سب سے ذہین ایک فیصد لوگوں میں اسکور کیا اور بالغوں سے بھرے کمرے میں ٹیسٹ دینے سے خوفزدہ نہیں ہوا۔

لیڈز سے تعلق رکھنے والے یوسف نے کہا کہ اسکول میں ہر کوئی سمجھتا ہے کہ میں بہت ذہین ہوں اور میں ہمیشہ سے یہ جاننا چاہتا تھا کہ کیا میں آئی کیو ٹیسٹ دینے والے 2 فیصد لوگوں میں سب سے اوپر آسکتا ہوں؟ میرے لیے اپنے بارے میں اس قسم کا سرٹیفکیٹ رکھنا خاص اہیمت رکھتا ہے، میں کیمبرج یا آکسفورڈ میں ریاضی کی تعلیم حاصل کرنے کی امید رکھتا ہوں اور کچھ بھی ایسا کرنا پسند کرتا ہوں جو میرے دماغ کو متحرک کرے۔

معلوم ہوا ہے کہ جب یوسف شاہ پڑھائی نہیں کر رہا ہوتا تو وہ سوڈوکس اور روبک کیوبز کو حل کرنے میں مزہ محسوس کرتا ہے، اس نے جنوری میں روبک کیوبز کے ساتھ کھیلنا شروع کیا جب اس نے اپنے دوست کے گھر ایک دوست کو ایسا کرتے دیکھا اور مہینے کے آخر تک وہ تمام مشکلات کے کیوبز کو آسانی سے حل کرنے میں کامیاب ہوگیا۔ یوسف کی کامیابی پر خوش اس کی ماں ثنا نے کہا کہ مجھے بہت فخر ہے کہ میرا بیٹا خاندان میں اس قسم کا آئی کیو ٹیسٹ دینے والا پہلا فرد ہے، میں بھی اصل میں تھوڑا فکر مند تھی کیوں کہ وہ ٹیسٹ دینے کے لیے ہمیشہ بچوں سے بھرے ہال میں جاتا ہے، اس لیے ہم نے سوچا کہ اسے ہال میں موجود بالغوں سے ڈرایا جا سکتا ہے لیکن اس نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

یوسف شاہ کے والد عرفان نے کہا کہ اس کی تیاری کرنا ایک مشکل امتحان ہے، ہم نے صرف وہی کیا جو ہم پہلے سے کر رہے تھے کیوں کہ IQ ٹیسٹ کے لیے کچھ بھی مخصوص نہیں، اس لیے اگر آپ باصلاحیت ہیں تو بھی آپ کو سب سے زیادہ محنتی ہونا پڑے گا۔

Spread the love

اپنا تبصرہ بھیجیں