یہ وقت سیاست کا نہیں سیلاب متاثرین کی مدد کا ہے، نواز شریف

سیلاب متاثرین کی امداد کے حوالے سے خطاب میں نواز شریف کا کہنا تھا کہ مریم نواز بھی جلد سیلاب سےمتاثرہ علاقوں کا دورہ کریں گی۔

مسلم لیگ نواز (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کا کہنا ہے کہ ملک میں سیلاب کی تباہ کاریاں دیکھ کر دکھ ہوا، یہ وقت سیاست کا نہیں، سیلاب متاثرین کی مدد کا ہے۔

سیلاب متاثرین کی امداد کے حوالے سے خطاب میں نواز شریف کا کہنا تھا کہ مریم نواز بھی جلد سیلاب سےمتاثرہ علاقوں کا دورہ کریں گی۔

انہوں نے کہا کہ یہ اپنے اعمال کا جائزہ لینے کا موقع ہے، سیلاب سے ہزاروں افراد لقمہ اجل بن گئے، لاکھوں گھر تباہ ہوئے ہیں، پاکستان میں سیلاب نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے۔

نواز شریف نے اپیل کی کہ پوری قوم اپنی توانائیاں سیلاب متاثرین کیلئے وقف کرے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ پارٹی کے تمام اراکین اسمبلی اور کارکن تمام کام چھوڑ کر سیلاب متاثرین کی مدد میں لگ جائیں، اپنی تمام تر صلاحیتیں سیلاب متاثرین کے لیے لگا دیں۔

نواز شریف نے کہا کہ شہباز شریف کو شاباش دیتا ہوں، وہ سیلاب متاثرین کے لیے بہترین کام کر رہے ہیں، مریم نواز بھی امدادی کاموں کا جائزہ لینے جا رہی ہیں، شہباز شریف اور مریم نواز قوم کے ساتھ مل کر دکھی انسانیت کا ہاتھ تھامیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، یہ وقت سیاست کا نہیں متاثرین کی امداد اور ان کے زخموں پر مرہم رکھنے کا ہے۔

نواز شریف نے اپیل کی کہ متاثرین سیلاب کے لیے کیمپس لگائے جائیں، متاثرین کو خیمے فراہم کیے جائیں، پریشان حال لوگ آپ کی امداد کے منتظر ہیں، سیلاب نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے، قوم سے اپیل ہے کہ آپ بھی آگے بڑھیں اور سیلاب متاثرین کی بھر پور مدد کریں۔

Spread the love

اپنا تبصرہ بھیجیں