سندھ کے حکمرانوں کی روایتی بے حسی جاری۔۔۔
سابق وزیرداخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ پاکستان سیلاب اور یورپ خشک سالی سے مرا جارہا ہے۔
اپنے ٹویٹ میں شیخ رشید کا کہنا تھا کہ اندرون سندھ کے وزیروں نے اپنی فصلیں بچانے کے لیے سیلاب کا رخ غریبوں کی طرف کردیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سیلاب کی رپورٹیں بننے تک غذائی قلت اور وبائیں شروع ہوجائیں گی، مہنگی بجلی،آٹا اور سیلاب تباہی لائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ حکمران آئی ایم ایف کی مدد کے انتظار میں کھائی میں گریں گے۔
سندھ کے حکمرانوں کی روایتی بے حسی
خیال رہے کہ گزشتہ روز سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ صوبائی وزیر شرجیل میمن نے اپنی کیلے کی فصل بچانے کیلئے سیلابی پانی گاؤں کی طرف موڑدیا تھا۔
ویڈیو میں ایک شخص نے صوبائی وزیر کے کارنامے کو اجاگر کرتے ہوئے بتایا کہ سرکاری مشینری کا استعمال کرتے ہوئے شرجیل میمن کی فصل سے پانی کو گاؤں کی طرف چھوڑا جارہا ہے۔
دوسری جانب فریال تالپور کے شوہر اور رکن قومی اسمبلی منور تالپور نے سیلاب متاثرین میں پچاس پچاس روپے شاہانہ انداز میں تقسیم کیے اور تالیاں بجاتے ہوئے واپس روانہ ہوگئے۔
سکھر کے دورے پر نکلے وفاقی وزیر خورشید شاہ کے بیٹے زیرک شاہ کو متاثرین نے روک کر کہا کہ سائیں ہمارے ساتھ چلیں اور دیکھیں کیا ہورہا ہے، لیکن وہ ویڈیو بنانے سے منع کر کے گاڑی میں سوار ہوکر روانہ ہوگئے۔