لاہور پاکستان ویمنز ٹیم نے تین میچوں پر مشتمل سیریز کے دوسرے ون ڈے میچ میں آئرلینڈ کو 9 وکٹوں سے شکست دیکر سیریز میں 0-2 کی برتری حاصل کرلی۔
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں آئرلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 47.2 اوورز میں 194 رنز بناکر آوٹ ہوئی، میری ویلڈرون نے 35 اور آرلینی کیلی نے 34 رنز کی اننگز کھیلی۔
پاکستان ویمنز ٹیم کی جانب سے غلام فاطمہ نے 32 رنز دے کر 3 ناشرہ سندھو نے 41 دے کر 3 وکٹیں اور فاطمہ ثنا نے 26 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں۔
ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم نے 195 رنز کا ٹارگٹ 32.4 اوورز میں ایک وکٹ کھوکر پالیا، اوپنر سدرا امین 91 رنز کے ساتھ نا قابل شکست رہیں۔
قبل ازیں قومی ٹیم نے پہلے ایک روزہ میچ میں آئرلینڈ کو 128 رنز سے شکست دی تھی، دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا آخری میچ 9 نومبر کو قذافی اسٹیڈیم میں ہی کھیلا جائے گا۔
دوسری طرف آج پاکستان نے بنگلادیش کو ہرا کر ٹی 20 ورلڈ کپ 2022 کے سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا ہے۔
ایڈیلیڈ میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے بنگلا دیش کو 5 وکٹوں سے ہرادیا ہے۔
بنگلا دیش نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کو جیت کے لئے 128 رنز کا ہدف دیا تھا، جسے پاکستان نے 19ویں اوور میں حاصل کرلیا۔