نجی ہوا باز کمپنی کا متاثرین کی امداد کے لیے خصوصی فلائٹ آپریشن شروع کرنے کا فیصلہ

سیلابی صورتحال کے پیش نظراسکائی ونگز ایوی ایشن نے اپنے تمام کمرشل آپریشن بند کر کے سیلاب متاثرین کی مدد کرنے کا فیصلہ کیا،فلائٹ آپریشن کی اجازت ملتے ہی ہنگامی طور پر سیلاب متاثرین کیلئے ریلیف آپریشن شروع کر دیں گے۔ چیف آپریٹنگ آفیسر

اسلام اباد,  نجی ہوا باز کمپنی نے سیلاب متاثرین کی امداد کے لیے بڑا فیصلہ کرلیا۔اے آر وائی نیوز کے مطابق چیف آپریٹنگ آفیسر عمران اسلم خان کا کہنا ہے کہ ملک میں جاری سیلابی صورتحال کے پیش نظر اسکائی ونگز ایوی ایشن نے اپنے تمام کمرشل آپریشن بند کر کے سیلاب متاثرین کی مدد کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔سیلاب زدہ علاقوں میں پھنسے ہموطنوں کو ریلیف کا سامان پہنچانے کے لیے خصوصی ریلیف فلائٹ آپریشن شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، خصوصی فلائٹ آپریشن کے لیے اسکائی ونگز ایوی ایشن نے ڈی جی سی اے سے اجازت طلب کرلی ہے۔

چیف آپریٹنگ آفیسر نے بتایا کہ فلائٹ آپریشن کی اجازت ملتے ہی ہنگامی طور پر سیلاب متاثرین کیلئے ریلیف آپریشن شروع کر دیں گے

انہوں نے مزید کہا کہ ہمیشہ کی طرح دکھ کی گھڑی میں بھی اسکائی ونگز ایوی ایشن اپنے ہم وطنوں کے ساتھ ہیں۔دوسری جانب ملک بھر میں ہفتہ کو ہونے والی مون سون کی طوفانی بارشوں سے مزید جانی و مالی نقصانات ہوئے ہیں، طوفانی بارشو ں کے آغاز سے اب تک سیلاب کے نتیجہ میں مختلف حادثات میں جاں بحق ہونے والوں کی مجموعی تعداد 982 ہو گئی اور1456 سے زائد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی(این ڈی ایم اے) نے معمول کی بنیاد پر جاری ہونے والی24 گھنٹے کی صورتحال کی رپورٹ میں کہا ہے کہ ملک کے مختلف حصوں میں شدید بارشوں سے ہونے والے مجموعی جانی، مالی، املاک اور بنیادی ڈھانچے کے نقصانات کا جو اب تک حساب لگایا گیا ہے اس کے مطابق بلوچستان میں شدید بارشوں کے باعث مکان کی چھت گرنے سے ایک خاتون جاں بحق ہوگئی۔

خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں سیلابی ریلوں سے تقریبا 10 افراد جاں بحق ہوئے جن میں اپر دیر اور سوات میں ایک ایک شخص اور کرم میں ایک بچہ بھی جاں بحق ہونے والوں میں شامل ہے تاہم مختلف اضلاع میں چھتیں گرنے سے لکی مروت میں ایک مرد اور خاتون، ڈیرہ اسماعیل خان میں ایک لڑکا اور بچہ، اپر کوہستان میں ایک شخص، جنوبی وزیرستان میں ایک خاتون اور بچہ جاں بحق ہو گئے۔

Spread the love

اپنا تبصرہ بھیجیں