پاکستان میں سیلاب سے ہونےوالی تباہ کاریوں پر عالمی برادری نے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے متاثرین کی مدد کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے پاکستان میں سیلاب متاثرین سے اظہار ہمدردی کیا ہے۔ جسٹن ٹروڈو کا کہنا ہے کہ پاکستان کے سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے تیار ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کینیڈین عوام کی طرح متاثرین کے بارے میں دکھی ہوں،این سی آر ایف اور ریڈ کراس کے ذریعے سیلاب متاثرین کو اشیائے ضروریہ فراہم کرینگے۔
فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے پاکستان میں سیلاب سے نقصانات پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ پاکستانی عوام کو خوفناک سیلاب کا سامنا ہے۔ ہم ان کی مدد کو تیار ہیں۔
فرانسیسی صدر نے کہا کہ سیلابی پانی میں لاپتہ ہونے والے افراد اور ان کے خاندان کے ساتھ ہیں۔
او آئی سی نے پاکستان میں سیلاب سے جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ سیکریٹری جنرل حسین ابراہیم نے او آئی سی رکن ملکوں سے ہنگامی امداد کی اپیل کی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ اسلامی تنظیمیں اور ادارے پاکستان میں سیلاب متاثرین کی مدد کریں۔ سیلاب متاثرین کی مشکلات کو کم کرنے کے لیے ہنگامی امداد ضروری ہے۔
واضح رہے کہ ملک بھر میں سیلاب نے تباہی مچارکھی ہے ۔سیلاب کے باعث ہونے والی اموات ایک ہزار سے زائد ہو چکی ہیں ۔
لاکھوں ایکٹر میں کھڑی فصلیں تباہ ہو گئیں ہیں جبکہ کئی پل اور شاہراہیں بھی بہہ گئیں ہیں۔ چاروں صوبوں میں لاکھوں مکانات منہدم ہونے کے باعث متاثرین مدد کے منتظر ہیں۔