اے پی سی میں پی ٹی آئی کے علاوہ تمام سیاسی جماعتوں کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ملک میں جاری سیلاب کی تباہ کاریوں سے نمٹنے کے لیے کُل جماعتی کانفرنس (اے پی سی ) بلالی۔
کُل جماعتی کانفرنس پیر کی سہ پہر وزیر اعظم ہاؤس میں منعقد کی جائے گی جس میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) اور اتحادیوں سمیت تمام سیاسی جماعتوں کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔
اے پی سی میں ملک میں حالیہ سیلاب کی تباہ کاریوں سے متعلق امور پر مشاورت کی جائے گی ۔
سیلاب کی صورتحال پر بلائی گئی اے پی سی میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو دعوت نہیں دی گئی۔
خیال رہے کہ ملک کے چاروں صوبوں میں 14 جون سے اب تک ہونے والی بارش اور سیلاب کی تباہ کاریوں سے اب تک 1،033 افراد جاں بحق جبکہ لاکھوں افراد بے گھر ہوچکے ہیں۔
اسی طرح سیلابی ریلوں سے لاکھوں ایکڑ پر کھڑی فصلیں مکمل تباہ اور کئی مکانات ملبے کا ڈھیر بن چکے ہیں۔
وزیراعظم کا دوسرے دن بھی سندھ میں سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے دوسرے دن بھی سندھ میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا۔
وزیراعظم نے سجاول میں سیلاب متاثرین سے ملاقات کی،جہاں انہیں امدادی کاموں پر بریفنگ دی گئی۔
میڈیا سے گفتگو میں شہباز شریف نے کہا کہ مخیر حضرات آگے بڑھیں اور متاثرین کی مدد کریں، سندھ میں فی خاندان 25 ہزار ملنا شروع ہوگئے، دیگر متاثرین کو بھی بے نظیر پروگرام سے رقم ملے گی،
وزیراعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ افواج پاکستان بھی سیلاب متاثرین کی مدد کر رہی ہیں۔