دریائے سوات میں اونچے درجے کے سیلاب کی وجہ سے مہمند ڈیم کی تعمیراتی سائٹس متاثر ہونے کا انکشاف

دریائے سوات میں آنے والے سیلاب سے قبل پراجیکٹ کی 14 مختلف سائٹس پر تعمیراتی کام جاری تھا، حالیہ سیلاب کے اثرات کی وجہ سے منصوبے کی ہدف کے مطابق تکمیل پر اثر پڑنے کا خدشہ

سوات , دریائے سوات میں اونچے درجے کے سیلاب کی وجہ سے مہمند ڈیم کی مختلف تعمیراتی سائٹس متاثر ہونے کا انکشاف، حالیہ سیلاب کے اثرات کی وجہ سے منصوبے کی ہدف کے مطابق تکمیل پر اثر پڑنے کا خدشہ ظاہر کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی سیکرٹری آبی وسائل ڈاکٹر کاظم نیاز اور چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل (ر)سجاد غنی نے ہفتے کے روز مہمند ڈیم پراجیکٹ کا دورہ کیا۔

مہمند ڈیم پراجیکٹ انتظامیہ نے وفاقی سیکرٹری آبی وسائل اور چیئرمین واپڈا کو سیلاب سے پہلے اور سیلاب کے بعد کی صورت حال پر بریفنگ دی۔ انہیں بتایا گیا کہ گزشتہ روز دریائے سوات میں آنے والے سیلاب سے قبل پراجیکٹ کی 14 مختلف سائٹس پر تعمیراتی کام جاری تھا۔ تاہم انتہائی اونچے درجے کے سیلاب کی وجہ سے پراجیکٹ کی ڈائی ورشن ٹنلز، ری ریگولیشن پانڈ اور دریا کے دونوں جانب زیرتعمیر سڑکیں متاثر ہوئی ہیں۔

بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ حالیہ سیلاب کے اثرات کی وجہ سے منصوبے کی ہدف کے مطابق تکمیل پر اثر ہوسکتا ہے۔ اس موقع پر چیئرمین واپڈا نے ہدایت کی کہ سیلاب گزرنے اور دریائے سوات میں حالات معمول پر آنے کے فوری بعد منصوبے پر تعمیراتی کام شروع کردیا جائے۔ چیئرمین واپڈا نے پراجیکٹ انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ کنسلٹنٹس اور کنٹریکٹر کی مشاورت سے ایک پلان مرتب کریں تاکہ منصوبے کی تکمیل میں ممکنہ تاخیر سے بچا جا سکے۔

واضح رہے کہ مہمند ڈیم گزشتہ روز سیلاب کی زد میں آگیا تھا۔

اس حوالے سے واپڈا حکام کی جانب سے بھی تصدیق کی گئی۔ واپڈا ترجمان نے بتایا کہ زیر تعمیر مہمند ڈیم پراجیکٹ ایریا میں دریائے سوات میں غیر معمولی سیلابی صورت حال کا سامنا ہے، انتہائی اونچے درجے کے سیلاب کی وجہ سے دریائے سوات کا پانی زیر تعمیر مہمند ڈیم کی ڈائی ورشن ٹنلز میں داخل ہو گیا۔ صورتحال کے باعث مہمند ڈیم پراجیکٹ پر تعمیراتی سرگرمیاں متاثر ہوئیں۔

Spread the love

اپنا تبصرہ بھیجیں