پی ٹی اے فوری طور پر ٹیلی کمیونیکشن کمپنیوں کے ساتھ مل کرغیر فعال ٹاورز کی بحالی یقینی بنائے۔ وفاقی وزیرمنصوبہ بندی احسن اقبال
اسلام آباد , وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے این ایچ اے کو ہنگامی طور پرمتاثرہ سڑکیں بحال کرنے کی ہدایت کردی۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی اے بھی ٹیلی کمیونیکشن کمپنیوں کے ساتھ مل کرغیر فعال ٹاورز کو فری بحال کرے۔ہم نیوز کے مطابق چئیرمین وفاقی فلڈ ریلیف کمیٹی احسن اقبال کی زیر صدات اجلاس ہوا، اجلاس میں وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی شیریں رحمان نے شرکت کی، وزیر خزانہ اور قمر الزمان کائرہ نے بھی ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔
این ڈی ایم اے حکام نے بریفنگ میں بتایا کہ سیلاب متاثرین میں 34 ہزار384 ٹینٹس اور 29 ہزار400 فوڈ پیکٹس فراہم کیے گئے، سیلاب متاثرین میں 17ہزار650 کمبل بھی فراہم کئے گئے۔ 18 ہزار860 ابتدائی طبی امداد کی کٹس اور 106 جنریٹرز بھی فراہم کیے گئے ہیں، 350 لائف سیونگ جیکٹس، 1000 سلیپنگ بیگز اور9944 کچن سیٹ بھی فراہم کیے گئے۔
وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ پی ٹی اے اسپیشل ٹیمز تشکیل دے، تمام ٹیلی کمیونیکشن کمپنیوں کے ساتھ مل کرغیر فعال ٹاورز کو بحال کرے۔
احسن اقبال نے این ایچ اے کو ہنگامی طور پر متاثرہ سڑکیں بحال کرنے کی بھی ہدایت کی۔ دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے آج دورہ سجاول میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا فضائی جائزہ لیا، وزیراعظم شہبازشریف کے دورہ سجاول کے موقع پر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔ وزیر اعظم کو سیلاب متاثرہ علاقوں میں ہونے والے امدادی کاموں پر بریفنگ دی گئی چیف سیکرٹری سندھ اور ڈائریکٹر جنرل این ڈی ایم اے نے وزیر اعظم اوروزیراعلیٰ سندھ کو بریفنگ دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ سیلاب متاثرین کی ہر ممکن مدد کی جارہی ہے۔
بریفنگ کے مطابق سیلاب سے فصلیں بڑی سطح پر تباہ ہوئی ہیں سیلاب سے کئی گھر تباہ، رابطہ اور عوام سڑکیں اور پل شدید متاثر ہوئے۔ وزیراعظم اوروزیراعلیٰ سندھ کو سجاول میں بجلی معطلی پر اور بحالی کے امکانات پر بھی بریفنگ دی گئی وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو متاثرین کو امدا دکی بحالی میں تاخیر نہ کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کہا کہ ہمیں ہمت سے کام لینا ہوگا اور مل کر موجودہ صورتحال سے نمٹنا ہوگا، سیلاب سے سندھ میں بہت تباہی مچی ہے اور بہت نقصان ہوا ہے، چاروں طرف پانی پھیلا ہوا ہے، پاک فوج اور امدادی ٹیمیں مسلسل امدادی کاموں میں مصروف ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سیلاب سے سندھ میں بہت تباہی مچی ہے اور بہت نقصان ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے دیکھا کہ چاروں طرف پانی پھیلا ہوا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ شمالی علاقہ جات میں بھی شدید بارشوں سے کئی افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔ شمالی علاقوں میں شدید بارشوں سے کئی ہوٹل اور گھر پانی میں بہہ گئے۔ پاک فوج اور امدادی ٹیمیں مسلسل امدادی کاموں میں مصروف ہیں۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ کئی افراد کو ریسکیو کیا گیا اور انہیں محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔ ہمیں مطالبات پر صوبائی حکومت سے مل کر پالیسی بنائی جائے گی۔