بھارتی ریاست کرناٹک میں انفراسٹرکچراور ڈویلپمنٹ کے وزیرنے زمین کے ٹائٹل کی تقسیم کے دوران خاتون کے منہ پرتھپڑ ماردیا، ویڈیو سوشل میڈیا پروائرل ہونے کے بعد ملک بھرمیں غم وغصے کی شدید لہردوڑگئی۔
بھارتی میڈیا کےمطابق وزیر برائے ہاؤسنگ اور انفراسٹرکچر ڈیولپمنٹ وی سومنا نے ریاست کی جانب سے شروع کیے جانے والےعوامی پروگرام کے تحت زمین کے ٹائٹلزکی تقسیم کی نگرانی کے لیے ضلع چمارا نگر کے ہنگالا گاؤں کا دورہ کیاتھا۔
وزیر کو مکانات کے کاغذات معاشی طور پر مزور طبقے میں تقسیم کرنے تھے۔ تاہم وہ تقریب میں تاخیر سے پہنچے جس کے بعد دستاویزات جمع کرنے کے لیے بڑا ہجوم جمع ہوگیا، دستاویز نہ ملنے پرایک خاتون وزیر کے پاس مدد کے لیے پہنچی تو غصے سے بھرے بیٹھے وزیر نے خاتون کو تھپڑ ماردیا۔
Video: Karnataka Minister Slaps Woman, She Then Touches His Feet https://t.co/tghXLDTZuy pic.twitter.com/RUZ7pN1M5B
— NDTV (@ndtv) October 23, 2022
این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق تھپڑ مارے جانے کے باوجود خاتون پیچھے نہیں ہٹی بلکہ وزیر کے پاس پہنچ کرپاؤں چھو کرمنت سماجت کرتی نظرآئی۔
ویڈیو وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا صارفین اور دیگرحلقوں سے وی سومنا کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا گیا۔
عوامی غصے پر بھارتی وزیرنے اپنے اس اقدام کو غصے کا نتیجہ قراردیتے ہوئے معافی مانگ لی اور کہا کہ وہ ہجوم کے نیتجے میں پیدا ہونے والی کیفیت پر مجبور ہوگئے تھے۔
دوسری طرف بعض حلقوں نے وزیر کو برطرف کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔