کراچی ناظم جوکھیو قتل کیس کے مرکزی ملزم جام اویس کا جیل کی بجائےاسپتال میں داخل ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ہائی پروفائل کیسزمیں مرکزی ملزمان کی عیاشیوں کی تفصیلات سامنے آئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق ناظم جوکھیو قتل کیس کے مرکزی ملزم رکن سندھ اسمبلی جام اویس نے قید کا بیشتر حصہ جیل کے بجائے اسپتال میں گزاردیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جام اویس بیماری کا بہانہ بنا کر طویل عرصے سے گلستان جوہر کے نجی اسپتال میں داخل ہیں اورجیل حکام نے جام اویس کو پیشی پرعدالت لانے سے بھی گریزکیا۔رابطہ کرنے پر جیل حکام نے رکن سندھ اسمبلی جام اویس کی اسپتال میں داخلے کی تصدیق کی ہے۔
سپرٹینڈنٹ ملیرجیل کا کہنا ہے کہ جام اویس کو سانس لینے میں تکلئف اور کمزوری لاحق ہے۔عدالتی احکامات کے باوجود جیل حکام جام اویس کو مسلسل 4 پیشیوں سے پیش نہیں کر رہے۔ عدالتی احکامات کے باوجود آج بھی عدالت میں جام اویس کو پیش نہیں کیا گیا۔
ناظم جوکھیو کو گزشتہ سال نومبر کو میں قتل کیا گیا تھا۔کیس میں ایم پی اے جام اویس، ایم این اے جام عبدالکریم سمیت دیگر ملزمان کو نامزد کیا گیا تھا۔