بعض خاندانوں کو پہاڑوں پر محفوظ مقامات پر شفٹ کردیا ہے، عوام سیلاب کی وجہ سے سوات اور گردونواح کا سفر نہ کریں۔ آئی ایس پی
راولپنڈی, پاک فوج نے کمراٹ میں سیلاب میں پھنسے 22 لوگوں کو نکال لیا، بعض خاندانوں کو پہاڑوں پر محفوظ مقامات پر شفٹ کردیا ہے، عوام سیلاب کی وجہ سے سوات اور گردونواح کا سفر نہ کریں۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج نے کمراٹ میں پھنسے 22 لوگوں کو نکال لیا گیا ہے، سیلاب میں پھنسے 22افراد کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے کمراٹ سے نکالا گیا، کورکمانڈر پشاور کی ہدایت پر پشاور کور کے جوانوں نے پھنسے افراد کو نکالا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بعض فیملیز پہاڑوں پر چلی گئی ہیں، انہیں خراب موسم کے باعث نکالا نہیں جاسکا، پہاڑوں پر جانے والی فیملیز سے مسلسل رابطے میں ہیں، ان خاندانوں کو پہاڑوں پر محفوظ مقامات پر شفٹ کردیا ہے، موسم ٹھیک ہوتے ہی ہیلی کاپٹر کے ذریعے ان خاندانوں کو پہاڑوں سے نکال لیا جائے گا۔
آئی ایس پی آر نے ہدایت کی ہے کہ عوام سیلاب کی وجہ سے سوات اور گردونواح کا سفر نہ کریں۔
دوسری جانب پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے آج بلوچستان کے سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کیا، آرمی چیف نے فلڈ ریلیف اور میڈیکل کیمپس میں سہولیات کا جائزہ لیا، آرمی چیف نے گوٹھ سدوری، لاکھڑا اور لسبیلہ میں سیلاب زدگان سے ملاقات بھی کی۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سیلاب زدگان سے ان کی خیریت دریافت کی، آرمی چیف نے سیلاب زدہ علاقوں میں مامور جوانوں سے بھی ملاقات کی۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سیلاب زدہ علاقوں کیلئے تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ عوام کی فلاح وبہبود کیلئے کوئی کسر نہیں اٹھا رکھیں گے، پاکستان کے عوام کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے، سیلاب سے متاثرہ آخری آدمی کی بحالی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، عوام کی فلاح وبہبود کیلئے کوئی کسر نہیں اٹھا رکھیں گے۔