ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری سے موسم سرد ہوگیا استور، وادی نیلم، وادی گریز اور وادی لیپہ میں موسم سرما کی پہلی برفباری

ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے، جس سے موسم سرد ہوگیا۔

استور، وادی نیلم، وادی گریز اور وادی لیپہ میں موسم سرما کی پہلی برفباری ہوئی، اس کے علاوہ گلگت بلتستان کے ضلع غذر اور دیا میر میں بھی بارش اور پہاڑوں پر برفباری ہوئی ۔

بالائی علاقوں میں برفباری اور بارش کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا جبکہ چلاس شہر میں ہونے والی بارش سے خشک موسم میں کمی آگئی۔

بابوسرٹاپ پر برفباری کے بعد شاہراہ کاغان کو گلگت بلتستان کے لئے عارضی طور پر بند کردیا گیا۔

ڈی پی او مانسہرہ نے گلگت جانے والے مسافروں اور سیاحوں سے اپیل کی ہے کہ وہ موسم ٹھیک ہونے تک شاہراہ کاغان کی بجائے شاہراہ قراقرم کا استعمال کریں۔

اسلام آباد اور راولپنڈی میں بارش سے موسم خوشگوار

ادھر جڑواں شہروں اسلام آباد اور راولپنڈی میں بھی کہیں ہلکی تو کہیں تیزہواؤں کے ساتھ بارش ہوئی جس سے موسم خوشگوار ہوگیا جبکہ بارش نے سرد موسم شروع ہونے کی نوید بھی سنادی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان، بالائی خیبرپختونخوا اور بالائی پنجاب میں آج بھی تیزہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔

اس دوران چند مقامات پرژالہ باری کی بھی توقع ہے جبکہ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم خشک رہے گا۔

خیبرپختونخوا میں بارشوں اور برفباری نیا سلسلہ شروع

دوسری جانب خیبرپختونخوا میں بارشوں اور پہاڑی علاقوں میں برفباری اور ژالہ باری کا نیا سلسلہ شروع ہوگیا۔

خیبرپختونخوا کے بالائی علاقے بابو سر ٹاپ، بٹہ کنڈی، جھیل سیف الملوک، مالم جبہ، کالام میں شدید برفباری ہوئی، جس کے بعد درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے آگیا۔

برفباری کے باعث پہاڑوں اور کھلے مقامات نے سفید چادر اوڑھ لی ہے جبکہ مقامی افراد نے بھی سردی سے محفوظ رہنے کے لئے انتظامات شروع کردیے ہیں۔

اس کے علاوہ ناران کاغان میں گزشتہ رات سے بارش اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ جاری ہے ، جس کے باعث وادی کاغان میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ۔

پشاور، صوابی، مٹہ، مدین، بحرین اور سخرہ میں تیز بارش اور ژالہ باری ہوئی جبکہ لوئر دیر کے علاقے جندول میں طوفانی بارش اور شدید ژالہ باری سے فصلوں اور باغات کو نقصان پہنچا۔

محکمہ موسمیات نے خیبرپختونخوا کے میدانی علاقوں میں بارش اور پہاڑی علاقوں میں برفباری اور ژالہ باری کا سلسلہ جمعے تک وقفے وقفے سےجاری رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔

Spread the love

اپنا تبصرہ بھیجیں