محکمہ داخلہ پنجاب کے نوٹیفکیشن کے مطابق 10ستمبر تک پابندی بر قرار رہے گی
لاہور, محکمہ داخلہ پنجاب نے لاہور کے علامہ اقبال انٹر نیشنل ایئرپورٹ کے اطراف 5 کلومیٹر کے علاقے میں دفعہ 144کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔مسافر طیاروں سے پرندوں کے ٹکرانے کے واقعات کے پیش نظر یوم دفاع سے قبل لاہور ایئرپورٹ کے اطراف میں پانچ کلو میٹر کے علاقے میں دفعہ 144نافذ کی گئی ہے ۔
محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے جس کے تحت ایئرپورٹ کے اطراف میں 10ستمبر تک دفعہ144نافذ رہے گی۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ضلعی انتظامیہ لاہور کی سفارش پر محکمہ داخلہ پنجاب نے لاہورایئرپورٹ کے اطراف 5 کلومیٹر تک دفعہ 144 نافذ کردی ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق ائیرپورٹ کے اطراف کے علاقوں میں کبوتر اڑانے، آتش بازی اور لیزرلائٹس کے استعمال پر پابندی ہوگی۔نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ان علاقوں میں ڈرون کیمرے اڑانے اور صدقے کا گوشت پھینکنے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف کارروائی کی جائے گی۔