نئی سیاسی جماعت ہم عوام پارٹی کے سربراہ شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ انکی آنے والی نئی جماعت آج کے پاکستان کی ضرورت ہے ، نئی پارٹی میں شمولیت کیلئے کئی بڑے سیاستدان رابطے میں ہیں۔
شاہد خاقان عباسی نے ہم انویسٹگیشن ٹیم کے ہیڈ زاہد گشکوری سے خصوصی بات چیت میں اپنی نئی سیاسی جماعت کا منشور بتا دیا ہے، سابق وزیراعظم کا یہ کہنا ہے کہ انکی نئی سیاسی جماعت کا منشورخودعوام ہیں، انکے پارٹی نعرے میں عوام بھی پاکستان بھی، یہ صرف اور صرف ہمارا نعرہ ہوگا۔
انہوں نے مزید بتایا ہے کہ صرف کلین، باصلاحیت اوراچھی شہرت کے سیاستدان کو جماعت میں لے رہے ہیں، پچھلے دوانتخابات نے ملک کی سیاست کوایک نئی نہج تک میں کھڑا کردیا ہے۔
جب پوچھا گیا کہ کون سے بڑے سیاستدان جماعت میں شامل ہونے کیلئے رابطے میں ہیں؟ تو انہوں بتایا نئی جماعت میں شامل ہونے کیلئے ایک لمبی لسٹ ہے،ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا چوہدری نثار علی خان، مہتاب عباسی وغیرہ پارٹی میں شامل ہوسکتے ہیں ،بات چیت کئی اچھے سیاستدانوں سے جاری ہے۔
شاہد خاقان نے مزید بتایا کہ ملک کی 177 سیاسی جماعتوں نے ملک کو پچھلے 76 سال میں کچھ نہیں دیا ہے،صرف صاف ماضی والے اور اچھی صلاحیت والے افراد اورسیاستدانوں کو پارٹی میں لیں گے۔
انٹرویو میں مزید بتایا کہ ہم عوام پارٹی کا ٹارگٹ مرکزی سیاسی جماعتوں جیسے مسلم لیگ ن، پاکستان پیپلزپارٹی، تحریک انصاف ہونگی، انہوں نے مزید بتایا کہ نئی جماعت کا منشوراقتدار کی بندربانٹ اورکرسیوں کی جنگ سے بالاترہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ تمام بڑی جماعتیں ملک کے مسائل حل کرنے میں مکمل ناکام ہیں اور انکی جماعت ہم عوام پارٹی کو کسی قوت کی آشیرباز حاصل نہیں، آئینی عہدوں کی بندربانٹ سے دورہوکرکام کرینگے، ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ نئی جماعت اگلے چندہفتوں میں مکمل فعال ہوجائے گی اور نئی پارٹی میری ذاتی پارٹی نہیں ایک سوچ پر قائم کررہے ہیں۔
گفتگو میں بتایا کہ ہم اقتدار کو چھوڑ کر نئی پارٹی بنارہے ہیں، بڑی اقتدار میں رہنے والی پارٹیوں کو چھوڑا ہے، ہم انویسٹگیشن ٹیم کے ساتھ انٹرویومیں مزید بتایا کہ پچھلے چند سال میں نئی بننے والی جماعتوں نے ملک کو کوئی فائدہ نہیں دیا۔