انسانی سمگلنگ کے الزام میں معروف سماجی کارکن صارم برنی گرفتار

امریکہ سے وطن واپسی پر ایف آئی اے نے کراچی ائیرپورٹ سے حراست میں لے کر تفتیش شروع کردی

ملک کے معروف سماجی کارکن صارم برنی کو انسانی سمگلنگ کے الزام میں گرفتارکرلیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق انسانی اسمگلنگ کے الزام میں مشہور سماجی کارکن صارم برنی کو کراچی سے گرفتار کیا گیا ہے جہاں انہیں امریکہ سے وطن واپس پہنچنے پر ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ پولیس نے حراست میں لیا، اس حوالے سے ذرائع ایف آئی اے حکام نے تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ صارم برنی اس وقت حراست میں ہیں، ان پر انسانی سمگلنگ کے سنگین الزامات ہیں، اس حوالے سے امریکی حکومت کی شکایت پر صارم برنی کوحراست میں لیا گیا، کافی عرصے سے ان کے خلاف تحقیقات جاری تھیں اور متعلقہ اداروں نے صارم برنی کی نقل و حرکت پر مسلسل نظر رکھی ہوئی تھی۔

ایف آئی اے ذرائع نے بتایا کہ صارم برنی پر غیر قانونی طریقے سے بچوں کی حوالگی کا الزام ہے، جس کی وجہ سے سب انسپکٹر ایف آئی اے بلال نے صارم برنی کو حراست میں لیا، گرفتاری کے بعد صارم برنی کو اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سیل ایف آئی اے میں رکھا گیا ہے جہاں سب انسپکٹر بلال اور ایس ایچ او سہیل پر مشتمل ٹیم کی جانب سے اس معاملے کی تفتیش کی جارہی ہے اور صارم برنی کیخلاف انسانی اسمگلنگ کا مقدمہ درج ہونے کی توقع ہے

ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ صارم برنی کے خلاف حکومتی اداروں کو 2 ماہ قبل امریکی قونصل خانے سے ایک انکوائری ملی، جس میں کہا گیا چھوٹے بچوں کو پاکستان سے بیرون ملک لے جایا جاتا ہے، شکایات موصول ہونے کے ساتھ ہی ایف آئی اے سمیت دیگر تفتیشی اداروں نے اس انکوائری پر کام کا آغاز کیا کیوں کہ اس سے قبل بھی صارم برنی کے خلاف انسانی سمگلنگ کی شکایات سامنے آئی تھیں تاہم انکوائری ثابت نہ ہونے پر کیس ختم کردیا گیا تھا۔

Spread the love

اپنا تبصرہ بھیجیں