وزیراعلیٰ پنجاب نے لاہور ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کی منظوری دے دی ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت اجلاس ہوا ،ڈپٹی کمشنر لاہور رافعہ حیدر نے ڈویلپمنٹ پلان پر تفصیلی بریفنگ دی۔
بریفنگ میں بتایا گیا پہلے فیز میں لاہو رکے6 زون کی تعمیرومرمت اور ڈویلپمنٹ کی جائے گی،لاہور ڈویلپمنٹ پراجیکٹ فیزون کی تکمیل کے لئے 10ماہ کی ڈیڈ لائن مقرر کی گئی ہے۔
فیز1 کی تکمیل کے بعد فیز 2 میں دیگر زون کی ڈویلپمنٹ اور تعمیر ومرمت کی جائے گی،ہر زون کی علیحدہ شناخت کے لئے مخصوص کلر استعمال کرنے کی تجویز پر اتفاق کیا گیا۔
پہلے فیز میں راوی، شالیمار، سمن آباد، داتا گنج بخش، نشتر ٹاؤن،گلبرگ اور ریلوے ایریا شامل ہیں،دوسرے فیز میں علامہ اقبال، واہگہ اور عزیز بھٹی زون کی تعمیر ومرمت کی جائے گی۔
6زونز کی ڈویلپمنٹ اور تعمیر ومرمت کی لاگت کا تخمینہ 74 ارب 15 کروڑ روپے ہے،پہلے فیز میں شامل6زون کی 93لاکھ سے زائد آبادی مستفید ہوگی۔
ڈویلپمنٹ پلان میں فراہمی و نکاسی آب کا نظام،رابطہ سڑکوں اورپختہ گلیوں کی تعمیر شامل ہے،اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب اور پارکس کی بحالی بھی ڈویلپمنٹ پلان میں شامل ہے۔
ہر زون میں سیوریج اور ڈرینج کے پائیدار نظام کیلئے مکمل ڈسپوزل سسٹم قائم کیا جائے گا،وزیر اعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر ڈویلپمنٹ پلان کیلئے پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ بھی قائم کردیاگیا۔