ملکی ترقی میں نجی شعبے اور صنعت کا کردار انتہائی اہم ہے،وزیراعظم شہباز شریف تجارت اور کاروبار میں نجی شعبے سے مشاورت کو یقینی بنایا جائے، ایسی تجارتی پالیسی کی ضرورت ہے جس سے کاروبار میں آسانیاں اور سہولت ہو،اجلاس سے خطاب

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملکی ترقی میں نجی شعبے اور صنعت کا کردار انتہائی اہم ہے، تجارت اور کاروبار میں نجی شعبے سے مشاورت کو یقینی بنایا جائے، ایسی تجارتی پالیسی کی ضرورت ہے جس سے کاروبار میں آسانیاں اور سہولت ہو، ملکی برآمدات کو مزید مسابقتی بنانے سے متعلق فوری اقدامات کیے جائیں، غیر روایتی اشیاءکی برآمدات سے متعلق اقدامات کیے جائیں۔

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت تجارت کے شعبے سے متعلق اہم جائزہ اجلاس ہوا ۔اجلاس میں وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان ، وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب ، وزیر پٹرولیم مصدق ملک ، وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ ، ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن جہانزیب خان ، گورنر اسٹیٹ بینک اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں شرکا کو بریفنگ دی گئی کہ خلیجی ممالک سے آزادانہ تجارتی معاہدے سے متعلق بات چیت حتمی مراحل میں ہے، ازبکستان اور تاجکستان سے تجارت کے معاہدے فعال ہوچکے ہیں۔

اجلاس کے دوران بریفنگ میں کہا گیا کہ افغان ٹرانزٹ ٹریڈ میں نگرانی کا عمل سخت کیا گیا ہے، پبلک سیکٹر انشورنس کمپنیز کے پریمئم گروتھ ڈبل ڈیجٹ میں ہیں، جیم ایکسپورٹ فریم ورک پر کام حتمی مراحل میں ہے۔ ایران اور روس سے بارٹر ٹریڈ کی آپریشنلائیزین سے متعلق دونوں ممالک نے اصولی رضامندی کا اظہار کیا ہے۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ حالیہ پاک سعودی بزنس کانفرنس میں 450 بزنس ٹو بزنس ملاقاتیں ہوئیں جبکہ ای کامرس کے حجم میں بتدریج اضافہ ہورہا ہے۔

پاکستان ٹریڈ پورٹل پر 3 ہزار سے زائد کمپنیوں کو شامل کیا گیا ہے۔ ملکی ترقی میں نجی شعبے اور صنعت کا کردار انتہائی اہم ہے۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ برآمدکنندگان کے مصدقہ ڈیوٹی ڈرابیکس فوری ادا کئے جائیں۔ انہوں نے تاکید کی کہ ملکی آٹو سیکٹر کی ترقی کے لئے ڈیلیشن پالیسی پر عمل درآمد کرایا جائے۔

Spread the love

اپنا تبصرہ بھیجیں