مریم نواز کی بطور وزیر اعلٰی پہلی بڑی ناکامی، جگہ جگہ کچرے کے ڈھیر اب بھی موجود، ڈیڈ لائن گزرنے کے باوجود پنجاب کے شہروں میں صفائی کا نظام بہتر نہ ہو سکا۔ جیو نیوز کی رپورٹ کے مطابق وزیر اعلٰی پنجاب مریم نواز ایک ماہ میں لاہور سمیت پنجاب کے دیگر شہروں میں صفائی کا نظام بہتر بنانے کا وعدہ پورا نہ کر سکیں۔
رپورٹ کے مطابق وزیر اعلٰی پنجاب مریم نواز نے یکم مارچ کو حکم دیا تھا کہ ایک ماہ کے اندر لاہور سمیت پنجاب بھر کے دیہاتی وشہری گلی محلوں کو صاف ستھرا بنایا جائے۔ مریم نواز نے ہدایت کی تھی کہ کوئی سڑک، محلہ، گلی، گاؤں گراؤنڈ ایسی نہ رہے جہاں صفائی نہ ہو، کہیں سیوریج یا ڈرینج کا مسئلہ نہ ہو۔ تاہم ایک ماہ کی ڈیڈ لائن گزر جانے کے باوجود وزیر اعلٰی پنجاب مریم نواز اپنی ہدایات پر عملدرآمد کروانے میں ناکام رہیں
جیو نیوز کی رپورٹ میں لاہور، راولپنڈی، ملتان کے مناظر دکھائے گئے، جہاں جگہ جگہ کوڑے کرکٹ کے ڈھیر نظر آئے۔ شہریوں کی جانب سے بتایا گیا کہ صفائی کے نظام میں کسی قسم کی کوئی بہتری نہیں آئی۔ دوسری جانب ایک مرتبہ پھر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ سسٹم کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ کا نظام نافذ کرنے کی منظوری دیدی جبکہ سڑکوں اور بازاروں میں کوڑا کرکٹ کے خاتمے کیلئے ہدایات جاری کردیں۔
گزشتہ روز وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا جس میں صوبہ بھر میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ سسٹم کے نفاذ کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے دوران سالڈ ویسٹ مینجمنٹ سسٹم آوٴٹ سورس کرنے کیلئے مجوزہ معاہدے کا بھی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں وزیراعلیٰ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ٹرانسفر سٹیشن پر نامیاتی، غیر نامیاتی، آئرن اور پلاسٹک ویسٹ کی چھانٹی کی جائے گی، صوبے کے تمام ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز پر 23 لینڈ فل سائٹس اور 66 ٹرانسفر سٹیشن بنائے جائیں گے۔
مریم نواز نے فنانشل شیئر اور سبسڈی لینے والی واسا کمپنیوں کی کارکردگی کا تجزیہ کرنے کی بھی ہدایت جاری کیں، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازنے صوبائی وزیر ذیشان رفیق کو سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کی آوٴٹ سورسنگ میں شفافیت یقینی بنانے کیلئے مانیٹرنگ کا بھی حکم دیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ سڑکوں اور بازاروں میں کوڑا کرکٹ نہیں نظر آنا چاہیے۔
صفائی کے احکامات پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے، کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کی کوڑا کرکٹ اٹھانے والی گاڑیوں کو بھی صاف ستھرا رکھا جائے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ شہر میں صفائی و ستھرائی کا جائزہ لینے کیلئے میں کسی بھی جگہ سرپرائز وزٹ کر سکتی ہوں ۔صفائی و ستھرائی کے معاملے پر کوئی کمپرومائز نہیں کیا جائیگا۔