اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اپنی سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے خصوصی بین المذاہب افطار ڈنر میں غیر ملکی سفرا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا آئین بغیر کسی امتیاز کے تمام پاکستانی شہریوں کو مساوی انسانی حقوق کی ضمانت دیتا ہے اور ہم نے کئی سالوں میں مختلف پالیسیاں، قانونی اور مثبت اقدامات کیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہر کسی کو اپنے عقیدے کے مطابق عبادت گاہوں میں جانے کی آزادی ہے اور پاکستانی معاشرے کے اس پہلو کو اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔ پاکستان عالمی برادری کے تمام ممالک سے دوستانہ تعلقات چاہتا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کسی سے عداوت نہیں رکھنا چاہتا لیکن پاکستان اپنی سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا اور ہم دیگر ملکوں سے تجارتی تعلقات بڑھانا چاہتے ہیں کیونکہ معاشی بحالی ہماری حکومت کا مرکزی ایجنڈا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی حالیہ قرارداد کا خیر مقدم کرتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ سلامتی کونسل کی غزہ سے متعلق قرارداد پر فوری عمل کیا جائے گا۔
فلسطین سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فلسطینی عوام کے لیے ان کی حق خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد میں پاکستان بھرپور حمایت کرے گا اور سلامتی کونسل کی قرارداد کے فوری نفاذ کے لیے مخلصانہ کوشش کرنی چاہیئے۔
شہباز شریف نے کہا کہ فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی مظالم کا خاتمہ ہونا چاہیئے جبکہ ہم نہتے فلسطینی اور کشمیری بہن بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ فلسطینی اور کشمیری ماہ رمضان میں بھی ظلم وبربریت کے خلاف جدوجہد کر رہے ہیں۔