لاہور: مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے کہا ہے کہ ایک دو سال مشکل سہی لیکن آسودگی کا وقت ضرور آئے گا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز اور نواز شریف سے فیصل آباد ڈویژن کے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی اور اپنے حلقے کے مسائل اور عوام کی ضروریات سے متعلق آگاہ کیا۔
اس موقع پر نواز شریف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہماری حکومت کو نہ ہٹایا جاتا تو پاکستان ترقی کی بلندیوں پر ہوتا لیکن ناجائز قبضہ کرنے والوں نے اس ملک کے ساتھ جو کیا وہ سب نے دیکھا۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ہی نہیں پاکستان کے ساتھ زیادتی ہوئی۔ مسلم لیگ ن کو اب اپنی سیاسی میراث حاصل کرنی ہے اور ایک دو سال مشکل سہی لیکن آسودگی کا وقت ضرور آئے گا
نواز شریف نے کہا کہ سیاستدان، انتظامیہ اور پولیس سمیت سب کو مل کر ملک کو مشکل سے نکالنا ہو گا۔ تمام افراد مل کر صوبے اور ملک کے لیے کام کریں۔
انہوں نے کہا کہ پتنگ کی ڈور سے خوبصورت نوجوان کے جاں بحق ہونے کا بہت دکھ ہے۔ ایسا اندوہناک واقعہ اس سے پہلے دیکھا نہ سنا۔