اسلام آباد کا سیاحتی لوگو جاری کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد: کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے اسلام آباد کا سیاحتی لوگو جاری کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

سی ڈی اے حکام کے مطابق سن گلاسز، کیپ اور رومال پہننے تیندوا ’’مارگو‘‘ اب اسلام آباد کی پہچان ہوگا۔ معدومیت کے خطرے سے دوچار ایشیائی تیندوے کو ماسکوٹ ڈکلیئر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

سی ڈی اے بورڈ نے اسلام آباد کا ماسکوٹ متعارف کروانے کی منظوری دے دی۔ اسلام آباد کا سیاحتی لوگو ’’مارگو‘‘ مارگلہ پہاڑیوں سے اخذ کیا گیا ہے۔

مارگو کو اسلام آباد کے تمام داخلی راستوں، سیاحتی مقامات پر لگایا جائے گا اور مارگو کو اسلام آباد کے تمام بڑے پارکس، میٹرو اسٹیشنز پر بھی لگایا جائے گا۔

سیاحتی لوگو کو پاک چائنا سینٹر، کنونشن سینٹر، مارگلہ ٹریلز پر لگانے کا بھی پروگرام ہے جبکہ سیاحتی لوگو کو اسلام آباد کے تعلیمی، ثقافتی اداروں پر بھی لگایا جائے گا۔

سی ڈی اے حکام کے مطابق مارگو اسلام آباد کا مثبت تشخص اجاگر کرنے کے لیے لانچ کیا جائے گا اور دیگر عالمی شہروں کی طرح اسلام آباد کی بھی ایک پہچان ہو گی۔

حکام نے کہا کہ اس سیاحتی لوگو کے ذریعے عالمی سطح پر مارگلہ پہاڑیوں کو فروغ دیا جائے گا اور معدومیت کا شکار تیندوے کی بقا کے لیے کوششیں بھی اجاگر کی جائیں گی۔

Spread the love

اپنا تبصرہ بھیجیں