پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم میاں محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کے کہنے پر بجلی گیس اور کتنی مہنگی ہوگی، عوام کے صبر کو کب تک آزمائیں گے؟ چھوٹے کسانوں کا مہنگی بجلی کا مسئلہ حل کریں، کسانوں کو سولر پینل دیں، حکومت کا پیسہ اس پر خرچ ہونا چاہیے۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور قائد مسلم لیگ ن محمد نواز شریف کی زیرِ صدارت خصوصی اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں کسانوں کو ٹیوب ویل کے لئے سولر پینل دینے کا اصولی فیصلہ کرتے ہوئے جامع پلان طلب کرلیا گیا۔
قائد محمد نوازشریف نے ہدایت کی کہ چھوٹے کسانوں کا مہنگی بجلی کا مسئلہ حل کریں۔ آئی ایم ایف کے کہنے پر بجلی اور گیس کتنی اورمہنگی ہوگی، عوام کے صبر کو کب تک آزمائیں گے۔
قائد محمد نوازشریف نے کہا کہ کسانو ں کو سولر پینل دیں، حکومت کا پیسہ اس پر خرچ ہونا چاہیے۔ کاشتکار کو اس کی محنت کا پورا صلہ ملنا چاہیے۔ آڑھتی اور ملوں والوں کے استحصال سے کاشتکار کو بچایا جائے۔
وزیراعلی مریم نوازشریف نے کہا کہ کاشتکار کو جدید مشینری فراہم کریں گے،ڈریپ ایریگیشن کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ ڈرپ ایریگیشن سے پانی کی بچت ہوگی اور لاگت بھی کم لائے گی۔ کھاد مہنگی بیچنے والے مافیا کو قابو کرنے کیلئے جامع حکمت عملی مرتب کی جائے۔ لاگت میں کمی او رفصل کا صحیح معاوضہ ملنے سے کسان خوشحال ہوگا۔ اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ ماضی میں خریداری قیمت سے کم پر ملوں کو گندم فراہم کرتی تھی، غریب اور امیر کی سبسڈی ایک جیسی تھی۔
630 ارب روپے کا گردشی قرضہ حکومت پر چڑھ گیا،اگر اصلاحات نہ کی جاتیں تو 1.1 ٹریلین تک قرضہ پہنچنے کا خدشہ تھا۔ روزانہ 25 کروڑ صرف قرض کے سود کی مد میں ادا کیا جا رہا تھا،حکومت نے گندم پر جنرل سبسڈی ختم کر دی ہے۔ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری، وزیر خوراک بلا ل یاسین، وزیر زراعت سید عاشق، ایم پی اے ثانیہ عاشق، چیف سیکرٹری،ایس ایم بی آر، سیکرٹری خوراک، زراعت، فنانس، چیئرمین پی آئی ٹی بی اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔