صدرمملکت آصف زردرای نے پاک امریکہ تجارتی اور سرمایہ کاری تعلقات بڑھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ امریکی کاروباری اداروں کو پاکستان میں جدید کاروباری آئیڈیاز اور سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیے۔ اعلامیہ پیپلزپارٹی کے مطابق صدر آصف علی زرداری سے پاکستان میں امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے ملاقات کی۔
ملاقات میں دوطرفہ تعلقات بڑھانے اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ صدرمملکت آصف زردرای نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے مابین تجارتی اور سرمایہ کاری تعلقات بڑھانے کی ضرورت ہے، پاکستان اور امریکہ کے درمیان مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کے مواقع تلاش کرنا ہوں گے، امریکی کاروباری اداروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری ، جدید کاروباری آئیڈیاز لانے کی حوصلہ افزائی کرنی جانی چاہیے، پاکستان -امریکہ تعلقات سات دہائیوں پر محیط ، دیرینہ اور وسیع البنیاد ہیں، پاکستان اور امریکہ کے دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان کی اولین ترجیح معیشت کو درست سمت پر گامزن کرنا ، اقتصادی اور سیکیورٹی چیلنجز پر قابو پانا ہے، پاکستان موسمیاتی تبدیلی کے منفی اثرات سے سب سے زیادہ متاثرہ ممالک میں شامل ہے۔ اس موقع پر امریکی سفیر ڈونلڈبلوم نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ تجارت ، سرمایہ کاری، موسمیاتی تبدیلی، قابل تجدید توانائی، زراعت اور سیکورٹی کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھا سکتے ہیں، امریکی سفیر نے صدر مملکت کو دوسری مرتبہ عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی۔
مزید برآں صدر مملکت آصف علی زرداری سے متحدہ عرب امارات کے سفیر عماد عبید ابراہیم سلیم الزابی نے ملاقات کی جس میں صدر مملکت نے متحدہ عرب امارات کے ساتھ دوطرفہ تعاون کے شعبوں میں تعلقات مزید بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا ۔ ایوان صدر کے پریس ونگ کے مطا بق صدر مملکت آصف علی زرداری نے ملاقات کے دوران کہا کہ تجارت، معیشت، ہوا بازی، قابل ِتجدید توانائی، موسمیاتی تبدیلی اور انسانی وسائل کی ترقی کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا ہوگا، ایئربس اے 380 کی کمرشل پروازوں کے آغاز سمیت ہوا بازی کے شعبے میں تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے ۔ہوابازی کے شعبے میں بڑھتے تعاون سے متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانیوں کو سہولت ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ اماراتی کاروباری ادارے پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں سرمایہ کاری کریں،اماراتی کاروبار پاکستانی معیشت میں جدید خیالات اور سرمایہ کاری لاسکتے ہیں ۔