ادارہ شماریات نے ملک بھر میں مزدور کی اوسطا یومیہ اجرت کے اعداد و شمار جاری کر دیے۔ادارہ شماریات کی جانب سے ملک بھر میں مزدوروں کی یومیہ اجرت سے متعلق اعداد و شمار جاری کیے گئے ہیں جس میں بتایا گیا ہے کہ ملک میں مزدور کی اوسط یومیہ اجرت 1134 روپے ہے۔
دستاویزات کے مطابق ملک میں مزدور کی سب سے زیادہ یومیہ اجرت جڑواں شہروں اسلام آباد اور راولپنڈی میں 1500 روپے ہے جبکہ سب سے کم یومیہ اجرت لاڑکانہ میں 800 روپے ہے۔
ادارہ شماریات کے مطابق شہر قائد میں مزدورکی یومیہ اجرت 1441 روپے، گوجرانوالہ اور فیصل آباد میں 1200 روپے، پشاور میں 1000 روپے اور بنوں میں 900 روپے ہے جبکہ بہاولپور اور ملتان میں مزدور کی یومیہ اجرت بلترتیب 900 اور 932 روپے ہے۔اعداد و شمار میں بتایا گیا کہ ملک بھر میں پینٹرکی اوسطا یومیہ اجرت 1601 روپے، پلمبر کی یومیہ 1659 روپے جبکہ مستری اوسطا یومیہ 1831 روپے کماتا ہے۔