وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے کوٹ لکھپت جیل کا دورہ کیا جہاں انہوں نے قیدی خواتین کے ساتھ روزہ افطار کیا۔
وزیراعلی پنجاب مریم نواز کی کوٹ لکھپت جیل آمد ہوئی جہاں انہوں نے قیدی خواتین سے ملاقات کی اور ان کے ساتھ روزہ بھی افطار کیا۔وزیراعلی مریم نواز مہمانوں کی بجائے قیدی خواتین کے ساتھ بیٹھ گئیں اور انہیں خود سموسے، پکوڑے، پھل اور کھانا پیش کرتی رہیں جبکہ انہوں نے جیل کے کچن کا دورہ کیا۔
قیدیوں کیلئے تیار کھانے کا جائزہ اور معیار چیک کیا اور ان کی ہدایت پر قید یوں کے لئے سپیشل افطار مینیو تیار کیا گیا۔
وزیر اعلی نے سینٹرل جیل کے لان میں پودا لگایا اور مزید درخت لگانے کی ہدایت بھی کی۔مریم نواز نے اس سیل کا دورہ بھی کیا جہاں نواز شریف قید کے دوران رہے اور وہ جیل میں گزرے وقت کی یادیں تازہ کرتے ہوئے آبدیدہ ہوگئیں۔
مریم نواز نے جیل میں اپنی قید کے دوران ڈیوٹی پر متعین جیل اسٹاف سے ملاقات بھی کی۔انہوں نے منشیات کے عادی افراد کی بحالی کے لئے 20بیڈز کے ہسپتال اور قیدیوں کیلئے ویڈیو کال فیسلٹی کا بھی افتتاح کیا۔
انہوں نے رہائی پانے والے قیدیوں میں تحائف بھی تقسیم کیے اور انکی ہدایت پر قیدیوں کو 15، 15ہزار روپے اور کپڑے دیے گئے۔