اشرافیہ کی سبسڈی جلد ختم کر دیں گے، وزیر اعظم

اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ عام آدمی مہنگائی کی چکی میں پس گیا اور اشرافیہ کو سبسڈی دی جا رہی ہے جسے جلد ختم کر دیا جائے گا۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کے پہلے اجلاس کے موقع پر کہا کہ ہم قوم کی خدمت کے لیے منتخب ہوئے ہیں اور ہم سب مل کر نئے ولولے کے ساتھ خدمت کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ 16 ماہ کی کارکردگی پوری قوم نے دیکھی اور 16 ماہ کی حکومت کی سب سے بڑی خدمت ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچانا ہے۔ اب ہم نے وقت ضائع کیے بغیر کام کرنا ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں بھی اربوں روپے دیئے جا رہے ہیں اور یوٹیلیٹی اسٹورز کی پوری طرح مانیٹرنگ کریں گے۔ اس وقت قوم کو سب سے بڑا چیلنج مہنگائی کا ہے اور ہم نے مل کر مہنگائی میں کمی لانی ہے۔

انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک میں خاص طور پر اشیا کی قیمتوں کو کنٹرول کرنا ہمارا پہلا امتحان ہے اور یوٹیلیٹی اسٹورز میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ غریب آدمی کو ریلیف دینے کی پوری کوشش کرنی ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ غریب آدمی غربت کی وجہ سے مارا گیا ہے اور دوسری طرف اشرافیہ کا 90 فیصد وسائل پر قبضہ ہے جو اسلامی جمہوریہ پاکستان کے صریحاً خلاف ہے۔

انہوں نے کہا کہ بجلی کی سالانہ 500 ارب کی چوری میں غریب آدمی کا کیا قصور ہے، اشرافیہ کی سبسڈی کو جتنی جلدی ختم کریں گے اتنا ہی بھلا قوم کا ہو گا، بجلی کا گردشی قرضہ 5 ہزارارب روپے تک پہنچ گیا ہے۔

Spread the love

اپنا تبصرہ بھیجیں