آصفہ بھٹو زردار ی کو خاتون اول بنانے کا فیصلہ صدرمملکت آصف زرداری باضابطہ طور پرآصفہ بھٹو کو خاتون اول ڈکلیئر کریں گے،آصفہ بھٹو کو خاتونِ اول کا پروٹوکول دیا جائےگا اور وہ پہلی خاتون اول ہونگی جو صدر کی بیٹی ہیں

صدر مملکت آصف علی زرداری نے آصفہ بھٹو زرداری کو خاتون اول بنانے کا فیصلہ کیا ہے،صدر آصف بھٹو زرداری باضابطہ طور پرآصفہ بھٹو کو خاتون اول ڈکلیئر کریں گے،آصفہ بھٹو کو خاتونِ اول کا پروٹوکول دیا جائےگا اور وہ پہلی خاتون اول ہونگی جو صدر کی بیٹی ہیں۔عام طور خاتون اول کا درجہ اہلیہ کودیا جاتا ہے۔

3 فروری 1993 کو پیدا ہونے والی آصفہ بھٹو زرداری پاکستان کی بڑی سیاسی جماعت پیپلز پارٹی کے سیاسی گھرانے کا حصہ ہیں، وہ پاکستان کی سابق وزیر اعظم بے نظیر بھٹو شہید اور پاکستان کے سابق صدر آصف علی زرداری کی سب سے چھوٹی بیٹی ہیں۔آصفہ بھٹو زرداری، بلاول بھٹو زرداری اور بختاور بھٹو زرداری کی چھوٹی بہن ہیں۔ وہ پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی شہید ذو الفقار علی بھٹو اور ایرانی نژاد نصرت بھٹو کی نواسی اور شاہنواز بھٹو اور مرتضیٰ بھٹو کی بھانجی ہیں۔

8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات میںآصفہ بھٹوزرداری نے پاکستان پیپلزپارٹی کی ملک گیر انتخابی مہم چلائی تھی اور اپنے بھائی اورسابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی الیکشن کمپیئن میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیا تھا۔آصفہ بھٹو زرداری نے عام انتخابات سے قبل لاہور اورسندھ کے کئی شہروں میں انتخابی ریلیوں اور کارنر میٹنگز سے خطاب بھی کیا تھا اور ان کو عوامی پذیرائی بھی ملی تھی۔

آصفہ بھٹو زرداری اپنے والد آصف علی زرداری کے سب سے قریب رہیں ہیں۔آصف علی زرداری کے جیل کے دنوں میں اوراسیری کے دنوں میں عدالتوں میں پیشی کے وقت بھی آصفہ بھٹو زرداری اپنے والدآصف علی زرداری کی گود میں ہمیشہ وہی نظر آتی تھیں۔گزشتہ روز ایوان صدر میں ہونے والی حلف برداری کی تقریب میں بھی وہ اپنے والد صدر مملکت آصف علی زرداری کے ہمراہ ان کے بازو میں اپنا بازو ڈال کر چل رہی تھیں۔آصفہ بھٹو زرداری اپنی والدہ اور سابق وزیراعظم شہید بینظیر بھٹو کی گود میں بھی اکثر وبیشتر نظر آتی تھیں اور اپنی فیملی میں چھوٹے ہونے کی وجہ سے وہ اپنے والد ،والدہ اور بہن بھائیوں کی لاڈلی بھی ہیں ۔

Spread the love

اپنا تبصرہ بھیجیں