وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے گھروں میں رمضان پیکیج کی ترسیل کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ کا حکم دیدیا۔ وزیر اعلی مریم نواز نے بغیر اطلاع پونچھ ہائوس میں ماڈل رمضان بازار کنٹرول روم کا دورہ کیا اور صوبائی ماڈل بازار کنٹرول روم میں مانیٹرنگ کاجائزہ لیا۔ وزیراعلی نے ڈسٹرکٹ ڈیش بورڈ اورپی آئی ٹی بی کے ڈیش بورڈ کا مشاہدہ کیا اور قیمت ایپ ڈیش بورڈ کا بھی جائزہ لیا
مریم نوازشریف نے ڈیش بورڈ پر پیش کردہ اعدادو شمار کے بارے میں آگاہی حاصل کی۔انہوں نے رمضان پیکیج کی گھروں میں ترسیل کی مانیٹرنگ کی ضرورت پر زوردیا اور کہا کہ عوام کو ان کا حق ان کی دہلیز پر پہنچانا چاہتے ہیں اور اس سلسلے میں کوئی رکاوٹ یا غفلت برداشت نہیں کی جائیگی،عوام کو قطاروں میں نہیں لگنے دیں گے،ان کے گھروں میں ان کا حق پہنچائیں گے۔
وزیر اعلی پنجاب نے کہا کہ رمضان پیکیج اوردیگر امور کے بارے میں ڈسٹرکٹ سکور کارڈبنایا جائے گا،خلاف ورزی کی صورت میں نمبر کم ہوں گے۔وزیراعلی نے گھر میں ترسیل کی اطلاع بھی ڈیش بورڈ میں شامل کرنے کی ہدایت کی۔ وزیر اعلی مریم نواز شریف کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ 10رمضان المبارک تک تمام ضرورت مندوں تک رمضان نگہبان پیکیج پہنچ جائیں گے۔چیف سیکرٹری زاہد زمان اختر،سیکرٹری انڈسٹری احسان بھٹہ،ڈی جی انڈسٹریز آصف علی فرخ بھی اس موقع پر موجود تھے۔