ایف آئی اے نے تحریک انصاف کی شاندانہ گلزار کو طلب کرلیا،ایف آئی اے نے شعیب مرزا کی تحریری شکایت پر شاندانہ گلزار کو نوٹس جاری کیا ہے،شاندانہ گلزار کو ریاستی حکام کے خلاف اشتعال انگیز اور عوام کو اکسانے کی مہم چلانے پر 14 مارچ کو ایف آئی اے سائبر کرائم رپورٹنگ سینٹر لاہور میں پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ایف آئی اے نوٹس کے مطابق شاندانہ گلزار حاضر نہ ہوئیں تو تصور کیا جائے گا کہ ان کے پاس اپنے دفاع میں کہنے کو کچھ نہیں ہے۔شاندانہ گلزار نے مبینہ طور پر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز پر آڈیو لیک کا الزام عائد کیا تھا۔شاندانہ گلزار نے مبینہ آڈیو لیک میں پی ٹی آئی کے مقتول کارکن ظل شاہ کا ذکر کیا تھا۔اس حوالے سے پنجاب حکومت کی ترجمان عظمیٰ بخاری نے یہ بھی مطالبہ کیا ہے کہ شاندانہ گلزار مریم نواز کی آڈیو کا ثبوت دیں ورنہ قانون کا سامنا کریں۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں عظمیٰ بخاری نے کہا کہ شاندانہ گلزار پاکستان کےخلاف ہرزہ سرائی کرنے میں مصروف ہیں۔شاندانہ گلزار نے وزیراعلیٰ مریم نواز پر بے معنی اور لغو الزام لگایا ہے۔انہوں نے کہا کہ شاندانہ گلزار کیخلاف ایف آئی اے میں شکایت درج کرادی گئی ہے ، شاندانہ گلزار صاحبہ اب آپ کو تحقیقات میں پیش ہونا ہے، ثبوت پیش کرنے ہوں گے۔
عظمیٰ بخاری کا مزید کہنا تھا کہ اسمبلی کے تقدس کا خیال رکھنا سب ارکان کا فرض ہے، اداروں کےخلاف ہرزہ سرائی کرنے والوں کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ شاندانہ گلزار نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز پر الزام لگایا ہے کہ ان کی کوئی آڈیو ہے، شاندانہ گلزار آڈیو لیکر آئیں اور ثبوت پیش کریں۔شاندانہ گلزار ثبوت دیں ورنہ قانون کا سامنا کریں، اب ایسا نہیں ہوگا کہ جس کا جو دل کرے وہ الزام لگا دے۔یہ نہیں ہوسکتا کہ آپ سوشل میڈیا پر کسی کی تضحیک کردیں یا قتل کا الزام لگادیں۔