نئی حکومت نے آتے ہی پاسپورٹ فیس 50 فیصد بڑھادی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق 5 سال کے پاسپورٹ کی نارمل فیس 3 ہزار سے بڑھا کر 4 ہزار 500 اور ارجنٹ فیس 5 ہزار سے بڑھا کر 7 ہزار 500 مقرر کردی گئی جو کہ ملکی تاریخ میں پاسپورٹ فیس میں ایک وقت میں ہونے والا ریکارڈ اضافہ ہے اور نئی قیمتیں فوری طور پر نافذ العمل ہوں گی۔
بتایا گیا ہے کہ 10 سال کی مدت کے لیے بنائے جانے والے پاسپورٹ کی نارمل فیس 4 ہزار 500 روپے سے بڑھا کر 6 ہزار 700 روپے کردی گئی ہے اور اسی مدت کے لیے اگر شہری ارجنٹ پاسپورٹ بنوانا چاہیں تو اب انہیں فیس کی مد میں 7 ہزار 500 روپے کی بجائے 11 ہزار 200 روپے ادا کرنا ہوں گے، اسی طرح 72 صفحات کے پاسپورٹ کی 5 سال کے لیے نارمل فیس 8 ہزار 200 روپے اور ارجنٹ فیس 13 ہزار 500 روپے مقرر کی گئی ہے جب کہ اگر کوئی پاکستانی 100 صفحات کا 10 سالہ مدت کے لیے پاسپورٹ نارمل فیس میں بنوانا چاہے تو اس کو 12 ہزار 400 روپے اور ارجنٹ بنیادوں پر پاسپورٹ کے حصول کے لیے 20 ہزار 200 روپے فیس دینی پڑے گی۔
ادھر محکمے کے آن لائن سسٹم میں فنی خرابی کے باعث ملک بھر میں پاسپورٹ کا اجراء رکنے کی اطلاعات بھی موصول ہوئیں، محکمہ پاسپورٹ اینڈ امیگریشن کا لنک ڈاؤن ہونے کے باعث صارفین کی مشکلات میں اضافہ ہوا کیوں کہ لنک ڈاون ہونے سے ہزاروں افراد کے پاسپورٹ پھنس گئے اور عمرہ و حج پر جانے والوں کو بروقت پاسپورٹ کا اجراء نہ ہونے سے شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ اس معاملے پر حکام کا کہنا تھا کہ لنک ڈاؤن ہونے کی وجہ سے پاسپورٹ کے لیے ڈیٹا انٹری نہیں ہو رہی، پاسپورٹ اینڈ امیگریشن کے ہیڈ کوارٹر سے مسئلہ آیا ہے، جس کو جلد از جلد حل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے اور جلد سسٹم مکمل طور پر بحال ہو جائے گا۔