اب آپ نے گھبرانا نہیں، ہم پاکستان میں روشنیاں دوبارہ لے کر آئیں گے، نواز شریف

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ آج یہ حالات ہو چکے ہیں کو ئی آدمی اپنا بجلی کا بل نہیں دے سکتا ، ہمارے دور میں روٹی سستی ملتی تھی، کیا اس ملک پر ظلم نہیں ڈھایا گیا؟ لیکن اب آپ نے گھبرانا نہیں ہے، ہم پاکستان میں روشنیاں دوبارہ لے کر آئیں گے۔

گوجرانوالہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ گوجرانوالہ نے کیا سماں باندھ دیا ہے ، پی ٹی آئی والے سوشل میڈیا پر طوفان بدتمیزی مچا کر کہتے ہیں یوتھ ہمارے ساتھ ہے ، یہ ہے اصل یوتھ جو آج میرے سامنے موجود ہے ۔

یہ اصل پاکستانی یوتھ ہیں جوبڑے چھوٹے کا خیال کرتے ہیں، یہ بڑوں کا ادب اور چھوٹوں سے پیار کر تے ہیں، ان نوجوانوں کیساتھ میرا دل دھڑکتا ہے، میرا وعدہ ہےجب تک آپ کو باعزت روزگار نہیں ملتا چین سے نہیں بیٹھوں گا۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کہہ رہے تھے ہمارے دور میں کرپشن سب سے کم تھی ، روٹی ، آٹا ، چینی ، گھی اور ڈالرکی قیمتیں کم تھیں ، ہمارے دور میں پیٹرول اور بجلی کی قیمت بھی سب سے کم تھی ۔ انہوں نے حاضرین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف سچ بولتا ہے یا جھوٹ؟کیا ہم نے پاکستان سے لوڈشیڈنگ ختم نہیں کی تھی؟۔

ہمارے دور میں پاکستان سے غربت ختم ہو رہی تھی، ترقی کی رفتار 6فیصد ہو گئی تھی ، آئی ایم ایف کو خدا حافظ کہہ دیا تھا، آئی ایم ایف کا بھی کہنا تھا کہ اگر اسی طرح ترقی رہی تو پاکستان کو قرضے کی ضرورت نہیں ہو گی ۔

نواز شریف کا کہنا تھا کہ یہاں پر بجلی کے کارخانے بھی شہباز شریف نے لگوائے تھے ، مجھے سزا دلوانے والا اور چھٹی کروانے والا جج استعفیٰ دے کر چلا گیا ، اگرہمارا دور رہتا تو دعوے سے کہتا ہوں کوئی آدمی بیروزگار نہ ہوتااور لوگ خوشحال ہوتے ۔

ہمارے دورے حکومت میں چھوٹی گاڑیاں5سے 10لاکھ ، ہونڈا 70 موٹر سائیکل 70ہزار روپے جبکہ ٹریکٹر 8لاکھ کا تھا جو آج 38لاکھ کا ہے ، یوریا کھاد سستی تھی ۔

لیکن ملک کو اس نہج پر پہنچا دیا گیا ہے کہ آج کو ئی آدمی اپنا بجلی کا بل نہیں دے سکتا ، ہمارے دور میں روٹی سستی تھی ، سبزی سستی ملتی تھی ، کیا اس ملک پر ظلم نہیں ڈھایا گیا ؟ لیکن اب آپ نے گھبرانا نہیں ہے۔ نواز شریف چین سے بیٹھنے والا نہیں ہے ، ہم پاکستان میں روشنیاں دوبارہ لے کر آئیں گے ۔

انکا مزید کہنا تھا کہ ہم جی ٹی روڈ کو بھی موٹروے بنائیں گے ، ہم بیروزگاری ، غربت کا پاکستان سے خاتمہ کریں گے ، پاکستان میں اسکول اور اسپتال بنیں گے ۔

Spread the love

اپنا تبصرہ بھیجیں