چین نے پاکستان کا 2 ارب ڈالر قرض کی واپسی رول اوور کردی، وزارت خزانہ نے دوارب ڈالر کے ڈیپازٹ کی واپسی رول اوور کرانے کی درخواست کی تھی۔ میڈیا کے مطابق چین نے پاکستان کے 2 ارب ڈالر قرض کی واپسی کی رقم تاریخ سے پہلے ہی رول اوور کردی ہے۔ دو ارب ڈالر کی قرض کی رقم رول اوور کرنے کیلئے نگراں وزیر اعظم انوار الحق نے چین کے وزیر اعظم لی کی چیانگ کو خط لکھ کر درخواست کی تھی۔
دو ارب ڈالر کی مدت23 مارچ کو ختم ہونی تھی۔ لیکن چین نے پاکستان کی جانب سے ادا ئیگی کی تاریخ سے پہلے ہی دو ارب ڈالر کی رقم رول اوور کر دی ہے۔ چین نے مجموعی طور پر پاکستان کو 14 ارب ڈالر کا قرض سیف ڈپازٹ کے طور پر دے رکھا ہے، جس کے باعث پاکستان پر بیرونی ادائیگیوں کا بوجھ کم ہوا ہے۔
مزید برآں نیوز ایجنسی کے مطابق وفاقی کابینہ نے وزارت قومی صحت کی سفارش پر عالمی منڈی میں خام مال کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے 146 انتہائی ضروری جان بچانے والی ادویات کی قیمتوں میں اضافہ اور مسابقتی کمیشن آف پاکستان اور اسٹیٹ ایڈمنسٹریشن آف مارکیٹ ریگولیشن چین کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی منظوری دے دی۔
وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری پریس ریلیز کے مطابق نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت نگران وفاقی کابینہ کا اجلاس یہاں منعقد ہوا۔ وفاقی کابینہ نے وزارتِ خزانہ کی سفارش پر مسابقتی کمیشن آف پاکستان اور اسٹیٹ ایڈمنسٹریشن آف مارکیٹ ریگولیشن چین کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط کرنے کی منظوری دے دی،اس مفاہمتی یادداشت کے تحت دونوں ممالک کے درمیان معلومات کے تبادلے اور تکنیکی استعداد میں اضافہ ہو گا۔
وفاقی کابینہ نے وزارت خارجہ کی سفارش پر پاکستانی ماہرِ نفسیات محمد سلیم خان ترین کے لئے شعبہ نفسیات میں ان کی خدمات کے اعزاز میں برطانیہ کے بادشاہ چارلس (سوئم) کی جانب سے ممبر آف برٹش ایمپائر کا ایوارڈ وصول کرنے کی اجازت دے دی۔ وفاقی کابینہ نے ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھوکو اٹلی کی جانب سے دیئے گئے گولڈ میڈل فار ایروناٹیکل میرٹ کو وصول کرنے کی اجازت دے دی۔