بلوچستان میں ایک ہی دن میں چوتھا دھماکہ۔ تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں جمعرات کی شام کو دھماکہ ہونے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے علاقے قمبرانی روڈ پر ہوئے دھماکے کے بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ بتایا گیا ہے کہ دھماکہ کچرے کے ڈھیر میں ہوا، جس کے نتیجے میں تاحال کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
پولیس کی جانب سے دھماکے کی نوعیت معلوم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بلوچستان میں جمعرات کے روز ہونے والا یہ چوتھا دھماکہ تھا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق جمعرات کی شام کو کوئٹہ کی قمبرانی روڈ پر ہوئے دھماکے سے قبل صوبہ بلوچستان کے شہروں کوئٹہ، تربت اور جعفر آباد میں کہیں کریکر اور بعض جگہوں پر دستی بم دھماکوں کی اطلاعات ملیں
صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں اسپینی روڈ پر سڑک کنارے ہونے والے دھماکے میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا، تاہم اس دھماکے کی نوعیت کا تعین نہیں ہوسکا جب کہ بم ڈسپوزل سکواڈ و ریسکیو ٹیمیں دھماکے کی جگہ پر پہنچ گئیں اور سکیورٹی اداروں نے تحقیقات کا آغاز کردیا۔ بتایا گیا ہے کہ جعفر آباد میں ہوئے کریکر دھماکے سے 3 افراد زخمی ہوئے جہاں ڈیرہ اللہ یار میں ہوٹل کے قریب کریکر حملہ کیا گیا، جعفر آباد میں ملزمان کی جانب سے کریکر ٹرک کے قریب پھینکا گیا، علاوہ ازیں تربت میں ہونے والے دھماکے میں ایک شخص کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے، تربت میں مولاناعبدالحق چوک کے قریب دھماکہ ہوا جس میں ایک شخص زخمی ہوا۔
معلوم ہوا ہے کہ صوبہ خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں امن و امان کی بگڑتی صورتحال کے پیش نظر الیکشن کمیشن کا ہنگامی اجلاس آج ہوگا، چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ اجلاس کی صدارت کریں گے، اجلاس میں وفاقی وزیر داخلہ، دونوں صوبوں کے چیف سیکرٹریز اور آئی جیز کو طلب کیا گیا ہے، انٹیلی جنس اداروں کے نمائندے بھی شرکت کریں گے، اجلاس کے دوران بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں امن و امان کی بگڑتی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا اور الیکشن کمیشن حکام کو امن وامان سے متعلق بریفنگ بھی دی جائے گی۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز انتخابی مہم کے دوران مختلف شہروں میں دستی بم حملے اور فائرنگ میں ایک امیدوار سمیت 2 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے جہاں کوئٹہ میں سریاب روڈ پر پیپلز پارٹی کے انتخابی دفتر پر دستی بم حملہ کیا گیا جس میں 5افراد زخمی ہوئے، ایک اور واقعہ چمن میں پیش آیا وہاں میزئی اڈہ میں عوامی نیشنل پارٹی کے انتخابی دفتر پر مسلح افراد نے فائرنگ کی جس سے اے این پی رہنما ظہور احمد جاں بحق ہوگئے، اس سے پہلے سبی میں پی ٹی آئی کی ریلی میں دھماکے سے 4 افراد جاں بحق اور کئی زخمی ہو ئےجب کہ صوبہ خیبر پختونخوا کے علاقہ باجوڑ میں این اے 8 سے آزاد امیدوار تحریک انصاف کے نوجوان رہنماء ریحان زیب کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا۔