چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کہا ہے کہ عام انتخابات میں کامیاب ہونے والے آزاد امیدوار اکثریت میں زیادہ ہوں تو وزیر اعظم بھی بنا سکتے ہیں۔
میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کے دوران چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ آزاد امیدوار 3 دن کے اندر پارٹی جوائن کرنے کے پابند ہیں اور اگر وہ مقررہ وقت میں پارٹی جوائن نہیں کرتے تو آزاد ارکان رہیں گے۔
دوسری جانب الیکشن کمیشن میں بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں امن و امان کی صورتحال پر اجلاس ہوا جس کا اعلامیہ بھی جاری کردیا گیا ہے۔
اعلامیہ کے مطابق چیف الیکشن کمشنر کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی چیلنجز کے باوجود انتخابات ہر صورت 8 فروری کو ہونگے،امن و امان کی صورتحال خراب کرنے والوں کیساتھ سختی سے نمٹا جارہا ہے۔
اجلاس میں خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں امن وامان کی بگڑتی صورتحال پر اظہار تشویش کیا گیا،اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ دہشتگردی، سیکیورٹی چیلنجز کے باوجود انتخابی عمل نہیں رکے گا۔
کسی کو کوئی شک نہیں ہونا چاہیے انتخابات 8 فروری کو ہوں گے،سکندر سلطان راجہ نے دہشتگردی کو انتخابی عمل کا سب سے بڑا دشمن قرار دیا۔
اعلامیہ میں مزید کہا گیا ہے کہ عام انتخابات کے پرامن انتخابات کیلئے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے،سیاسی جماعتوں، امیدواروں ، ووٹرز اور بلا خوف و خطر انتخابی عمل کا حصہ بننے کیلئے اقدامات کیے جائیں،پولنگ ڈے اور گنتی کے وقت قانون ہاتھ میں لینے والے عناصر سے ہوشیار رہیں۔
علاوہ ازیں نگران وزیرداخلہ کا کہنا ہے کہ عام انتخابات کسی صورت ملتوی نہیں کیے جائیں گے ،انتخابات کیلئے جتنی سیکیورٹی درکار ہوگی ، فراہم کریں گے۔
گوہراعجاز نے مزید کہا کہ 8فروری کو ہر صورت میں انتخابا ت ہوں گے،بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے آئی جیز اور چیف سیکریٹریز نے رپورٹس جمع کرائیں۔بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں انتخابات کی تیاریوں پر اظہار اطمینان کرتا ہوں،انتخابات ملتوی کرنے کے حوالے سے اجلاس میں کوئی تجویز زیر غور نہیں آئی۔