رواں ماہ کا آخری دن، سونے کی قیمت میں بھی نمایاں کمی ہو گئی فی تولہ سونے کی قیمت 2 ہزار 500 روپے کی کمی سے سوا 2 لاکھ روپے کی سطح سے نیچے آ گئی

  رواں ماہ کا آخری دن، سونے کی قیمت میں بھی نمایاں کمی ہو گئی، فی تولہ سونے کی قیمت 2 ہزار 500 روپے کی کمی سے سوا 2 لاکھ روپے کی سطح سے نیچے آ گئی۔ تفصیلات کے مطابق پیر کے روز سونے کے نرخوں میں واضح کمی دیکھی گئی۔ بین الاقوامی مارکیٹ میں سونا سستا ہونے سے ملکی صرافہ مارکیٹوں میں بھی سونا سستا ہو گیا۔

ملک بھر کی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی قیمت میں فی تولہ 2500 روپے کمی ہوئی، قیمتوں میں کمی کے بعد فی تولہ سونا 2 لاکھ 22 ہزار 200 روپے کا ہو گیا۔ جبکہ 10 گرام سونا 2143 روپے کمی سے 1 لاکھ 90 ہزار 501 روپے کا ہو گیا، 10 گرام 22 قیراط سونا 1 لاکھ 74 ہزار 626 روپے کا ہو گیا۔ دوسری جانب رواں ماہ کا آخری کاروباری روز پاکستانی روپے کیلئے اچھا ثابت ہوا، انٹربینک اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی اُڑان تھم گئی۔

کاروبار کے اختتام پر انٹربینک مارکیٹ ڈالر کی قدر بغیر کسی تبدیلی کے 286.45 روپے کی سطح پر بند ہوئی۔ اوپن کرنسی مارکیٹ میں بھی کاروباری دورانیے کے دوران ڈالر کی قدر ایک موقع پر 1 روپے کے اضافے سے 292 روپے پر آگئی تھی تاہم کاروبار کے اختتام پر ڈالر کے اوپن ریٹ بھی بغیر کسی تبدیلی کے 291 روپے کی سطح پر بند ہوئے۔ پیر کے ہی دن پاکستان اسٹاک ایکسچینج 2 سال کی بلند ترین سطح پر بھی پہنچ گئی۔

کاروباری ہفتے کے پہلے روز پاکستان سٹاک مارکیٹ سٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی دیکھنے میں آئی ہے جس کے بعد 100 انڈیکس 2 سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔ پاکستان سٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی کے بعد 957 پوائنٹس کا اضافہ ہوا جس کے باعث 100 انڈیکس 48 ہزار 34 پوائنٹس پر بند ہو گیا۔ مارکیٹ میں15 ارب 82 کروڑ 26 لاکھ 67 ہزار 333 روپے کے 31 کروڑ 56 لاکھ 76 ہزار 643 شیئرز کا لین ہوا۔ آئی ایم ایف پروگرام سے اب تک پاکستان سٹاک مارکیٹ میں 6582 پوائنٹس کا ریکارڈ اضافہ ہو چکا ہے جو 16 فیصد بنتا ہے، ریکارڈ اضافہ کے باعث 24 ماہ بعد مارکیٹ 48 ہزار کی سطح پر بحال ہوئی۔

Spread the love

اپنا تبصرہ بھیجیں